آزاد کشمیر میں غنڈہ گردی ،انتشار کی سیاست کی اجازت نہیں دی جائیگی،سید غلام مرتضی گیلانی

ہفتہ 2 جولائی 2016 15:51

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جولائی ۔2016ء)سابق وزیر اور مسلم کانفرنس وتحریک انصاف کے مشترکہ امیدوار سید غلام مرتضی گیلانی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں غنڈہ گردی اور انتشار کی سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آزاد کشمیر کے آمدہ انتخابات فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں ریاستی عوام کے حق رائے دہی کو چھیننے کی کوشش کی گئی تو الیکشن نہیں ہونے دیں گے۔

الیکشن میں گڑ بڑ نہیں کرنے دیں گے۔ میرے حلقہ انتخاب میں 73پولنگ سٹیشن تہس نہس کر کے رکھ دیئے گئے ہیں ۔(ن) لیگ آزاد کشمیر کے صدر اپنی زبان کو لگام دیں اور خطہ میں انتشار کی سیاست کو فروغ نہ دیں ۔ حلقہ 5میں سادات کے ساتھ جو سلوک کیا گیا وہ ناقابل برداشت ہے۔ جنگ و جدل کی سیاست کو فروغ دے کر بیس کیمپ کا امن تباہ کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

مسلم کانفرنس اور اس کی اتحادی جماعتوں کو مجبور مت کیا جائے کہ ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اسمبلی اور ضلعی جنرل سیکرٹی میر عدیل کی مسلم کانفرنس کے حق میں دستبرداری کا خیر مقدم کرتے ہیں تحریک انصاف کے قائدین اور کارکن ہمارے دست و بازو ہیں ۔سردار عتیق احمد خان اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے موجودہ حالات کے تناظر میں اتحاد کا جو فیصلہ کیا ہے یہ ریاست اور عوام کے مفاد میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی ایوان صحافت میں تحریک انصاف کی سینئر راہنما اور سابق امیدوار اسمبلی محترمہ تقدیس گیلانی، سابق امیدوار اسمبلی میر عدیل ، پی ٹی آئی کے سینئر راہنما ملک انصر ، مسلم کانفرنسی راہنما سجاد سلہریا کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا ۔

پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی کے ضلعی جنرل سیکرٹری اور امیدوار اسمبلی میر عدیل نے باضابطہ طور پر مشترکہ امیدوار سید غلام مرتضیٰ گیلانی کے حق میں دستبرداری کا اعلان کیا۔ میر عدیل نے کہا کہ ہماری قیادت نے اتحاد کا فیصلہ کیا ہے قیادت کے اس فیصلے کو من و عن تسلیم کرتے ہیں ۔ حلقہ لچھراٹ میں گڑھی دوپٹہ سے پنجکوٹ تک مشترکہ امیدوار مرتضی گیلانی کی انتخابی مہم چلائی جائے گی۔

اور مشترکہ امیدوار کو کامیاب بنایا جائے گا۔ اس موقع پر مرتضی گیلانی کا کہنا تھا کہ میر عدیل ایک باوقار اور اصول پسند نظریاتی کارکن ہیں سیاسی جماعتیں ان جیسے نظریاتی کارکنوں کی بدولت ہی چلتی ہیں نظریاتی اور مخلص کارکن کسی بھی سیاسی جماعت کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنان کے جذبات اور احساسات کا خیر مقدم کرتے ہیں حلقہ میں پالیسی مسلم کانفرنس اور تحریک انصاف کے کارکن بنائیں گے اور ہم اس پر عمل درآمد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے اتحاد کامیاب ہو گا آئیندہ چند روز میں عوام کو مزید بڑی خوشخبریاں دیں گے مظفرآباد کی نامور سیاسی شخصیت پیر سید سجاد گیلانی کی بھی چند روز میں مسلم کانفرنس میں شمولیت ہو گی۔ اس موقع پر تحریک انصاف کی سینئر راہنما محترمہ تقدیس گیلانی نے کہا کہ مرتضیٰ گیلانی ہمارے مشترکہ امیدوار ہیں اور نامور سیاسی راہنما ہیں بحیثیت وزیر انہوں نے عوام کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دی ہیں مرتضیٰ گیلانی کو کامیاب بنائیں گے اور پی ٹی آئی کے کارکن ان کے دست و بازو بن کر انتخابی مہم چلائیں گے۔