مسلم کانفرنس کے کارکن محنت ،لگن کیساتھ اتحادی امیدواران کی انتخابی مہم چلائیں ،سردار عتیق احمد خان

ہفتہ 2 جولائی 2016 15:51

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جولائی ۔2016ء) سابق وزیر اعظم اور آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس کے کارکن پوری محنت اور لگن کے ساتھ اتحادی امیدواران کی انتخابی مہم چلائیں ، دارلحکومت مظفرآباد کے حلقہ سے خواجہ فاروق احمد کی کامیابی کیلئے مسلم کانفرنسی کارکن ہر اول دستے کا کردار ادا کریں ،مسلم کانفرنس اور تحریک انصاف کے درمیان انتخابی اتحاد ریاست اور عوام کے وسیع تر مفاد میں ہے ، آزاد کشمیر کے اندر منفی سیاست کو پر وان نہیں چڑھنے دیا جائے گا، لوگوں کے جان و مال اور غیر ت و آبرو کا تحفظ کیا جائے گا، مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے سربراہ غیر سنجیدہ شخص ہیں سیاست ان کے بس کی بات نہیں ، تحریک انصاف کے ساتھ اتحاد فیصلہ کن ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

فاروق حیدر بتائیں کہ جب انہیں میں نے وزیر اعظم بنایا تو موصوف میری پیشانی چومتے رہے آج جب عوام ان سے اس عقیدت سے متعلق سوال پوچھتے ہیں تو وہ اسے ٹوپی ڈرامہ قرار دے رہے ہیں ہیں ، یہ ٹوپی ڈرامہ انہوں نے کس کے کہنے پر کیا، کیا یہ وہی ہیں جنہوں نے انہیں ٹینٹ سے وائٹ ہاؤس جیسے محل میں پہنچایاہے، فاروق حیدر جیسی شخصیت کا خدا نخواستہ کسی ذمہ دار عہدے پر پہنچ جا نا بیس کیمپ کیلئے سیکیورٹی رسک ہو گا، ممتاز حسین قادری کے قاتلوں کو آزاد کشمیر کے عوام مسترد کردیں گے ۔

ناموس رسالت کے پروانے کو پھانسی پر لٹکانے والوں کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے ، غازی کے قاتلوں کو قدرت نے پاناما پیپرز کے ذریعے بے نقاب کر کے ذلیل و رسوا کر دیا ہے ، سردار عتیق احمد خان دارلحکومت مظفرآباد میں مشترکہ امیدوار خواجہ فاروق احمد کی انتخابی مہم کے دوران مختلف کارنر میٹنگز سے خطاب کر رہے تھے ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں انقلاب کے نعرے لگانے والے عوام کو بیوقوف بنا رہے ہیں ، ایک وارڈ کے سربراہ کو بھی ن لیگ میں شامل کر نے کیلئے ن لیگ آزاد کشمیر کی قیادت کو نواز شریف کے ایک ملازم سے اجازت لینا پڑتی ہے ، آزاد کشمیر کی ن لیگ گریڈ 17 کے ایک ملازم کی مرہون منت ہے ، اس ملازم کے بغیر ن لیگ آزاد کشمیر کی قیادت سانس تک نہیں لے سکتی ، انہوں نے کہا کہ عوام کو علم ہونا چاہیے کہ پاکستان میں آزاد کشمیر کی لیگی قیادت کو کوئی اہمیت نہیں دی جا رہی ، لیگی قیادت سے ملنے کیلئے آزاد کشمیر کے قائدین کو مہینوں انتظار کر نا پڑتا ہے ، میاں محمد نواز شریف کی طرف سے گریڈ 17 کے ایک ملازم کے ذریعے ڈیل کر نا کشمیریوں کی توہین ہے ، ہم اس طرح کی وارداتوں کا راستہ روکیں گے ، لیکن ہم کر بھی کیا سکتے ہیں ، جس کسی کو خود ہی عزت راس نہ آئے توزبردستی عزت نہیں دی جا سکتی ، مسلم کانفرنس کیخلاف سازشیں کر نے والوں کا انجام برا ہوگا، سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس اور تحریک انصاف کے کارکن متحد و منظم ہو کر مشترکہ قومی مقصد کے حصول کیلئے جدو جہد جاری رکھیں ،عید کے بعد سیاسی بھگوڑوں کو مزید سلامیاں دیں گے ، اور ان کے غبارے سے رہی سہی ہوا نکال دیں گے ، سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ عوام کی جان و مال اور عزت وآبرو کے تحفظ کیلئے ضروری ہے کہ آزاد کشمیر کی ساری جماعتیں متحد و منظم ہو جائیں ، مظفرآباد شہر اور چکار میں جو دو واقعات رونما کیے گئے ہیں اس سے ذمہ دار اداروں کی آنکھیں کھل جانی چاہیے، ابھی تو الیکشن بھی نہیں ہوئے ، خدانخواستہ کسی حادثے یا دھاندلی کے ذریعے لیگی مسلط ہو گئے تو آزاد کشمیر میں عام آدمی کا چلنا پھر نا مشکل ہو جائے گا، سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ ہم نے واضح کر رکھا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام کا حق حکمرانی غصب نہیں ہو نے دیں گے اگر کسی نے یہ بنیادی حق چھیننے کی کوشش کی تو آزاد کشمیر میں الیکشن نہیں ہو نگے سب سن لیں آزاد کشمیر مفتوحہ علاقہ یا چراگاہ نہیں ہے ۔