نیشنل بینک کا سسٹم خراب ‘ صارفین کو مشکلات کا سامنا

ہفتہ 2 جولائی 2016 14:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جولائی ۔2016ء) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عید کی تیاریوں میں صارفین کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے تمام بینکوں کو ہفتے کو بھی کام کرنے کا حکم دیا تھا تاہم نیشنل بینک آف پاکستان کے سسٹم نے کراچی سمیت ملک کے دیگر حصوں میں کام کرنا چھوڑ دیا ‘کراچی، لاہور، پشاور سمیت ملک بھر میں نیشنل بینک کے صارفین نے عید کی تیاریوں کے لیے رقم کے حصول کیلئے صبح سویرے بینک پہنچے لیکن انھیں اس وقت کوفت کا سامنا کرنا پڑا جب بینک کا کمپیوٹر نظام خراب ہوگیا۔

سسٹم خراب ہونے کے باعث بینک کے باہر بزرگ پنشنرز اور عوام کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔واضح رہے اسٹیٹ بینک نے عید کے پیش نظر تمام بینکوں کو ہفتے کے روز بھی کام کرنے کی ہدایت جاری کی تھی ‘ جمعے کو سالانہ چھٹی کے باعث بینک بند تھے دوسری حکومت کی جانب سے عید کی تعطیلات کے اعلان کے مطابق پیر کو بینکوں کا آخری ورکنگ ڈے ہوگا۔

(جاری ہے)

کراچی کی طرح رحیم یارخان میں بھی پنشنرز کو نیشنل بینک سے پیسے وصول کرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا جہاں نیشنل بینک کی مرکزی برانچ کا سسٹم خراب ہوگیا جس کے باعث سیکڑوں صارفین اپنے چیک کیش نہیں کرواسکے۔

رحیم یار خان میں صبح 8 بجے سے قطار میں کھڑے پنشنرز اور صارفین کے بینک عملے میں تلخ کلامی کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔نیشنل بینک میں پاکستان کے اکثر سرکاری اداروں کے اکاوٴنٹ ہیں اور بینک کے نظام کی خرابی کے باعث سرکاری ملازمین کو اپنی تنخواہوں کی وصولی میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا ۔نیشنل بینک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں قائم 1400 برانچز پر بہت زیادہ دباوٴ ہے ‘16 لاکھ پنشنرز نیشنل بینک سے پنشن حاصل کرتے ہیں