بھارت کے مذموم منصوبوں کیخلاف حریت قیادت کی مشترکہ جد وجہد جاری رہے گی، یاسین ملک

ہفتہ 2 جولائی 2016 14:09

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 جولائی۔2016ء)مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یاسین ملک نے کہاہے کہ پنڈت اور فوجی کالونیوں ، نئی صنعتی پالیسی اور مقبوضہ علاقے میں دیگر مذموم بھارتی منصوبوں کیخلاف حریت قیادت کی مشترکہ جد وجہد جاری رہے گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق محمد یاسین ملک نے چرار شریف میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب میں کہا کہ کشمیری عوام کشمیر دشمن بھارتی مذموم اقدامات کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ مذموم بھارتی اقدامات اور منصوبوں کیخلاف مشترکہ جد وجہد وقت کا تقاضہ ہے ۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ کسی بھی قوم کی جدوجہد آزادی کو تشدد، جبر اور قتل وغارت کے ذریعے ختم نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم کے باعث اس وقت کشمیری نوجوان دوبارہ سے ہاتھوں میں بندوق اٹھانے پر مجبور ہیں۔ محمد یاسین ملک نے جموں خطے کے مسلمانوں پر مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہندو انتہا پسند تنظیموں کی طرف سے جس طرح سے جموں میں مسلمانوں کیخلاف معاندانہ سرگرمیاں کا سلسلہ جاری ہے وہ فسطائیت کی بدترین شکل ہے۔

محمد یاسین ملک نے کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے ائمہ مساجد و خطباء کے خلاف جاری ہرزہ سرائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دینی معاملات میں مداخلت ہر گز قبول نہیں کیجائے گی۔