21 جولائی کو بلے، تیر اور گھوڑے والے شیر کی دھاڑ سے سیاسی بے روزگار ہو جائیں گے، وزیراعظم محمد نواز شریف عوام کی خدمت اور وفاق کی مضبوطی کا نام ہے، جعلسازوں اور بہروپیوں نے کشمیریوں کی کوئی خدمت نہیں کی، مسلم لیگ (ن) کی کامیابی سے آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، وزیراعظم محمد نواز شریف قوم کی دعاؤں سے تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور جلد پاکستان لوٹ رہے ہیں

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی کا ڈڈیال میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں سے خطاب

جمعہ 1 جولائی 2016 23:08

ڈڈیال ۔ یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔یکم جولائی ۔2016ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا ہے کہ 21 جولائی کو بلے، تیر اور گھوڑے والے شیر کی دھاڑ سے سیاسی بے روزگار ہو جائیں گے، وزیراعظم محمد نواز شریف عوام کی خدمت اور وفاق کی مضبوطی کا نام ہے، جعلسازوں اور بہروپیوں نے کشمیریوں کی کوئی خدمت نہیں کی، مسلم لیگ (ن) کی کامیابی سے آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، وزیراعظم محمد نواز شریف قوم کی دعاؤں سے تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور جلد پاکستان لوٹ رہے ہیں، ہمارا ایک طرف مقابلہ ناکارہ اور ٹوٹے ہوئے بلے سے ہے جو ہمیشہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے خلاف استعمال ہوا جبکہ دوسری طرف وہ تیر ہے جو بے توقیر ہو چکا ہے اور کمان سے پہلے ہی نکل چکا ہے، آزاد کشمیر میں تیر کی پانچ سالہ حکومت نے عوام کو سخت مایوس کیا، سرکاری ملازمین غیر جانبدار رہیں، وہ کسی کے ذاتی نہیں ریاست کے ملازم ہیں، لکڑی کے گھوڑے کو میلہ مویشیاں میں رکھوائیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو ڈڈیال آزاد کشمیر میں بٹلی کے مقام پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف جلد وطن واپس آئیں گے، وہ جلد آزادکشمیر کا دورہ کریں گے۔ ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ موسمی پرندے فضاء میں چکر لگا رہے ہیں، ٹوٹا ہوا بلا ہے جس پر لکھا ہوا ہے کہ ”میں وہ بلا ہوں جو پاکستان اور آزاد کشمیر میں ترقی و خوشحالی اور روشنیوں کا دشمن ہوں، مزید غور سے دیکھیں تو بلے کے تعارف پر ملے گا کہ میں وہ بلا ہوں کہ جس نے کیری پیکر کے ساتھ ملکر اس ملک کے وقار اور عزت کا سودا کیا تھا“، میں وہ بلا ہوں جو کنٹینر پر چڑھا رہتا ہوں، عوام کے ووٹ، پارلیمنٹ، مقننہ اور منتخب حکومت کی مخالفت کرتا ہوں، میرا نام بلا المعروف کنٹینر خان ہے، پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں اور جو آپ کو دھوکہ دینے آ رہے ہیں، ان سے خبردار رہنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تیر کی کوئی توقیر نہیں، تیر نے پانچ سال میں کشمیر کی خوشحالی کو چھلنی کیا ہے، یہ کمان سے نکلا ہو تیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستم ظریقی دیکھیئے کہ بلا تو گھوڑے پر بیٹھ گیا ہے، یہ گھوڑا لکڑ کا ہے جو سفر نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ 21 جولائی کی شام جب شیر دھاڑے گا اس کے نتیجہ میں بلے، تیر اور گھوڑے والے سیاسی بے روزگار ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 21 جولائی کو یہ در بدر ہوں گے اور گھوڑے کو میلہ مویشاں میں رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف عوام کی خدمت، آزاد کشمیر اور کنٹرول لائن کے پار بسنے والے کشمیریوں کے دکھ درد کو سمجھنے کا نام ہے۔ ڈاکٹر آصف کرمانی نے کہا کہ نواز شریف کی کوشش ہے کہ کشمیر کے دونوں اطراف کے کشمیریوں کیلئے کوہالہ طرز کا پل بنے جس سے بچھڑے ہوئے کشمیری مل سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹوٹی ہوئی سڑکوں پر ان کو شرم آنی چاہئے۔ انہوں نے عوام کے حق پر ڈاکہ مارا ہے، آپ سب نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کریں گے تو مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئے گی اور آزاد کشمیر میں ترقی، خوشحالی اور روشنیوں کا دور دورہ ہوگا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، کشمیر جنت نظیر ہے، یہاں پر موٹرویز، ایکسپریس ویز، سکولز اور ہسپتال بنائیں گے۔ انہوں نے سرکاری ملازمین سے کہا کہ وہ ریاست کے ملازم ہیں کسی کے ذاتی ملازم نہیں، مسلم لیگ (ن) اکثریت سے الیکشن جیتے گی۔ انہوں نے مسلم لیگی کارکنوں سے کہا کہ وہ حلقہ وار ان سرکاری ملازمین کی فہرست مرتب کریں۔