Live Updates

تاجر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،نعیم الحق

راولپنڈی کے تاجروں کو تحریک انصاف میں باقاعدہ نمائندگی دی جائے گی عیدالفطر کے بعد عمران خان اور راولپنڈی کے تاجروں کی نشست کا اہتمام کیا جائے گا،تحریک انصاف ٹریڈر ز ونگ راولپنڈی کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب

جمعرات 30 جون 2016 23:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔30 جون ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء نعیم الحق نے کہا ہے کہ تاجر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ پی ٹی آئی کے لئے تاجروں نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ راولپنڈی کے تاجروں کو پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ نمائندگی دی جائے گی۔ عیدالفطر کے بعد عمران خان اور راولپنڈی کے تاجروں کی نشست کا اہتمام کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں پاکستان تحریک انصاف ٹریڈر ز ونگ راولپنڈی کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ضلع راولپنڈی ٹریڈرز ونگ کے صدر راجہ قیصر کیانی سمیت دیگر عہدیداروں نے نو نکاتی قرارداد پیش کی جس میں تاجر ونگ کے قیام کو تسلیم کرنے ، آفیشل ویب سائٹ پر ٹریڈ ونگ کو شامل کرنا ، پارٹی سرگرمیوں میں ٹریڈر ز ونگ کو شامل کرنا ، تاجروں سے متعلق پالیسی اور فیصلوں میں تاجر ونگ کی مشاورت ، تاجروں کے مسائل کے حل کے لئے ان کی مکمل پشت پناہی کرنا اور دیگر نکات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

نعیم الحق نے کہا کہ اس بات کی خوشی ہے کہ راولپنڈی کے تاجروں نے پاکستان تحریک انصاف کا چناؤ کیا ہے لیکن اس بات کا افسو س ہے کہ پی ٹی آئی تاجروں کو اہمیت نہیں دے سکی تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے عید الفطر کے بعد تاجروں اور عمران خان کے مابین ملاقات کا اہتمام کیا جائے گا۔ ان کے مسائل حل کرنا ہمارا بنیادی فرض ہے۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے سابق سینئر نائب صدر عامر کیانی نے کہا کہ ٹریڈرز ونگ کو پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کی مکمل پشت پناہی حاصل ہو گی اور مرکزی قیادت ٹریڈرز ونگ کے کردار کو سراہتی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف ٹریڈ ونگ ضلع راولپنڈی کے صدر راجہ قیصر کیانی نے تاجروں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرانے پر مرکزی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور تاجروں کو مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی عارف عباسی ، ممبر صوبائی اسمبلی راجہ راشد حفیظ ، انجینئر افتخار چوہدری،جنر ل سیکرٹری شاہد مغل ، انفارمیشن سیکرٹری ضلع راولپنڈی ٹریڈر ونگ شیخ شہزاد احمد، راجہ ابرار عباسی صدرراول ٹاون،چوہدری اسد صدر پوٹھوھار ٹاون،خان قیصر صدر گوجرخان،قمر ایاز صدر کلر سیداں،ملک آصف صدر کہوٹہ سمیت دیگر تاجر رہنما اور پارٹی کارکن بھی شامل تھے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات