زمین اور پانی میں موجود حل پذیر نمکیات کی مقدار دھان کی پیداواری صلاحیت پر اثرانداز ہو سکتی ہے،ما ہرین

جمعرات 30 جون 2016 14:35

فیصل آباد۔30 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔30 جون۔2016ء)زمین اور پانی میں موجود حل پذیر نمکیات کی مقدار دھان کی پیداواری صلاحیت پر اثرانداز ہو سکتی ہے لہٰذا کاشتکاروں کو ماہرین زراعت کے مشوروں پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ وہ ان پر عمل کرکے بہترین پیداوار حاصل کرسکیں۔

(جاری ہے)

جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے بتایا کہ اگر زمین میں حل پذیر نمکیات کی مقدار 4.6 ہو تو پیداواری صلاحیت میں 10فیصد ، اگر 5.8ہو تو 25فیصد اور اگر 7.4 ہو تو 50فیصد کمی ہو سکتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اگر پانی میں موجود حل پذیر نمکیات کی مقدار 2.6 ہو تو پیداواری صلاحیت میں 10فیصد، اگر 3.4 ہو تو 25فیصد اور اگر 4.8 ہو تو 50فیصد کمی رونما ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ زمین میں کالا کلر پیداکرنے والے قابل تبادلہ نمکیات بھی پیداواری صلاحیت میں کمی کا موجب بنتے ہیں اس لئے اگر مذکورہ قابل تبادلہ سوڈیم کی مقدار 38فیصد ہو تو پیداواری صلاحیت میں 10فیصد کمی ، اگر 54.5فیصد ہو تو 25فیصد کمی اور اگر 72.5 فیصد ہو تو 50فیصد کمی رونما ہو سکتی ہے۔