جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر میں اختلافات اور گروہ بندی کی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں ،سردار ارشد ندیم ایڈووکیٹ

جمعرات 30 جون 2016 13:34

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء ) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل سردار ارشد ندیم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر میں اختلافات اور گروہ بندی کی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں ،جماعت اسلامی کو آنے والے الیکشن میں بھرپور پارلیمانی نمائندگی ملنے سے خائف عناصر یہ پروپیگنڈا مہم چلا رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ نے طویل غور و خوض کے بعد آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ ن سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی اور مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی قیادت سے مشاورت کے ساتھ ضلع پونچھ کی تمام سیٹیں دونوں جماعتوں کے لیے اوپن رکھی گئیں اور اسی بنیاد پر پونچھ میں جماعت اسلامی نے مسلم کانفرنس کے ساتھ اتحاد کیا جبکہ مسلم لیگ ن نے جموں و کشمیر پیپلز پارٹی سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ، جسے سیاسی مخالفین گروپ بندی قرار دے کر تسکین حاصل کرنا چاہتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے مشاورت سے حکمت عملی طے کی ہے اور اس کے نتیجے میں آمدہ الیکشن میں جماعت اسلامی موثر پارلیمانی قوت بنے گی بلکہ حکومت میں شامل ہو کر اہم کردار ادا کرے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی قیادت نے جو ایڈجسٹمنٹ کی ہے اس کے مطابق بھرپور جدوجہد کی جائے گی اور جماعت کے کارکن جماعت کی قیادت کے فیصلے کے مطابق انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیں گے۔ انہوں نے کارکنان جماعت اسلامی سے اپیل کی کہ وہ منفی پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں مخالفین کی کمزور چالوں کا بھرپور توڑ کریں اور کامیابی کے لیے پوری محنت کے ساتھ الله کی ذات پر بھروسہ رکھیں ۔