ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی کی روک تھام کے لئے انتہائی اہم اقدامات اٹھائے جائیں ،سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری

بدھ 29 جون 2016 22:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی کی روک تھام کے لئے انتہائی اہم اقدامات اٹھائے جائیں ،عوام کی جان ومال کا تحفظ کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے ، حکومت زبانی دعوؤں سے کام چلانے کی بجائے عملی کام کرئے ، کراچی میں باران رحمت پر عوام اﷲ تعالیٰ کا شکر بجالائیں ،بارش نے ضلعی حکومتوں کے دعوؤں کی قلعی کھول دی جگہ جگہ پانی جمع نکاسی کاکوئی انتظام نہیں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں ،بجلی کے ستائے عوام کو بارش شروع ہوتے ہی ایک بار پھر کراچی کو اندھیروں میں دکھیل دیا گیا ،عوام کی جان ومال کے تحفظ اور پائیدار قیام امن کے لئے سخت اقدامات اور اس پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہوگا ،کراچی کا امن ملک کی ترقی وخوشحالی کا ضامن ہے ،قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی بہترین کارکردگی کے باعث کراچی میں حالات بہت بہتر ہوگئے تھے نہ جانے پھر کراچی کو کس کی نظر لگ گئی ،جرائم پیشہ ،دہشتگرد جہاں کہیں بھی ہوں بلا امتیاز کاروائی کی جائے ،قانون کی بالادستی میں ہی امن کا قیام اور دہشتگردی کا خاتمہ پوشیدہ ہے قانون کو سب کیلئے یکساں استعمال کیا جائیگا تو اس کے موثر نتائج برآمد ہونگے ،کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف قانون کو سخت کرنا ہوگا،معاشی ترقی و استحکام کیلئے امن وامان کا قیام لازمی ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری پریس ریلیز میں کیا ،ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ پاکستان دشمن طاقتیں دہشتگردوں کو پرموٹ کررہی ہیں ،دہشتگردوں پر ہر زاویئے سے نظر رکھنا ہوگی ،انہوں نے کہا کہ پوری قوم امن وامان کے قیام کے لئے متحد ہے اور ضرب عضب آپریشن کو ہر حال میں کامیابی سے ہمکنار دیکھنا چاہتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :