وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق سحر و افطار کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی گئی ہے ٗ توانائی سے متعلق کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں بریفنگ

وزارت پانی وبجلی شیڈول کے تحت ان منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائے ٗوزیر خزانہ کی ہدایت

بدھ 29 جون 2016 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت توانائی سے متعلق کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق سحر و افطار کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی گئی ہے ۔توانائی سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں ملک میں پاور سیکٹر میں جاری منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی، وزیراعظم کے سیکرٹری اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ سیکرٹری پانی و بجلی نے اجلاس کو ملک میں جاری توانائی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا اور مستقبل میں بجلی کی پیداوار کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری پٹرولیم و قدرتی وسائل نے قدرتی گیس اور تیل کی فراہمی کے بارے میں ایک جائزہ پیش کیا۔ سیکرٹری پانی و بجلی نے بعد ازاں اجلاس کو ملک میں بجلی کی موجودہ پیداوار کے بارے میں بریف کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں ماہ مقدس کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی گئی اور سحر و افطار کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی بریک ڈاؤن کی شکایت کے فوری ازالہ کیلئے ایک مناسب طریقہ کار وضع کیا گیا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی خواہش ہے کہ ملک میں جاری منصوبوں پر کام تیز کیا جائے۔ انہوں نے وزارت پانی و بجلی کو ہدایت کی کہ وہ شیڈول کے تحت ان منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائے۔

متعلقہ عنوان :