قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کا نئے اسلام آباد ایئرپورٹ منصوبہ میں غیر ضروری تاخیر پر تفتیش کا اظہار

ایئرپورٹ کو جولائی 2017ء سے پہلے فعال بنانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت

بدھ 29 جون 2016 21:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ نے نئے اسلام آباد ایئرپورٹ منصوبہ میں غیر ضروری تاخیر پر تفتیش کا اظہار کرتے ہوئے ایئرپورٹ کو جولائی 2017ء سے پہلے فعال بنانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے قائمہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو یہاں رانا محمد حیات خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں کمیٹی کے ارکان سردار محمد عرفان ڈوگر، روشن دین جونیجو، خالد مقبول صدیقی، پروین مسعود بھٹی، نگہت پروین، مولوی آغا محمد اور دیگر ارکان کے علاوہ متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمیٹی نے پی آئی اے کی پروازوں سے 31 کلو ہیروئن برآمد ہونے کے بعد ذمہ داری کے تعین میں ناکامی پر انسداد منشیات فورس اور کسٹم حکام کی ناقص کارکردگی پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ اس معاملہ کا جائزہ لینے کیلئے وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات اور چیئرمین ایف بی آر کو اجلاس میں بلایا جائے گا۔ کمیٹی نے نیشنل ایئر ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ بل 2014ء کا بھی تفصیل سے جائزہ لیا اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے بل کے محرک کے ساتھ ایک ملاقات کا اہتمام کرے اور 30 دن میں اس حوالہ سے کمیٹی کو رپورٹ پیش کی جائے۔