کوئٹہ ،ڈبل روڈ پر ایف سی کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ ،4اہلکار شہید ،ایک زخمی

بدھ 29 جون 2016 21:39

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء ) کوئٹہ کے کاروباری علاقے ڈبل روڈ پر ایف سی کی (سوئی ونگ )کی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ 4اہلکار شہید ایک زخمی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بدھ کی شام کوئٹہ کے کاروباری علاقے ڈبل روڈ لانگو پلازہ کے قریب ایف سی سوئی ونگ کی گاڑی گیراج سے کام کرانے کے بعد جیسے ہی باہر نکلی تو مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 4اہلکار حوالدار اعظم ، لائس نائیک شریف ، لائس نائیک عتیق اور سپاہی تنویر موقع پر شہید ہوگئے جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا شہید و زخمی ہونے والے اہلکاروں کو فوری طورپر قریبی ہسپتال پہنچا دیا واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لیکر نامعلوم افراد کی تلاش شروع کردی ۔

واضح رہے کہ کوئٹہ شہر میں دو روز سے ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری ہے منگل کے روز کوئٹہ میں دو مختلف واقعات میں 4پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ بدھ کی شام 4ایف سی اہلکاروں کو شہید کیا گیا اس طرح 48گھنٹے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 8اہلکاروں کو شہیدکیا گیا ۔