شہر کے تمام 30 نالوں کیلئے 476 ملین روپے جاری کئے ہیں، وزیراعلی سندھ

چارنالوں پر ہنگامی بنیادوں پر صفائی کا کام شروع ہوچکا ہے جو عید کی تعطیلات کے دوران بھی جاری رہے گا

بدھ 29 جون 2016 20:46

کراچی ۔ 29 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 جون ۔2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ شہر کے تمام 30 نالوں کی صفائی کے لئے 476ملین روپے جاری کئے ہیں اور چار نالوں کی ہنگامی بنیادوں پر صفائی کا کام شروع ہو چکا ہے جو کہ عید کی تعطیلات کے دوران بھی بند نہیں ہونا چاہیے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے یہ بات بدھ کو شہر میں رین ایمرجنسی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو، چیف سیکرٹری سندھ صدیق میمن، سینئر ممبر بورڈ آف رویونیو رضوان میمن، کمشنر کراچی اعجاز خان، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بقاء اللہ انڑ، سیکرٹری پی ڈی ایم اے سعید اعوان، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد ، ڈی جی پی ڈی ایم اے سید سلمان شاہ، نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو نے کہا کہ انہوں نے کے ایم سی کے تمام ایڈمنسٹریٹرز ، ڈی ایم سی ایڈمنسٹریٹرز ، کمشنر اور ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ سڑکوں پرگشت کیا اور حالیہ بارشوں کے بعد کی صورتحال اور جاری کام کا معائنہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ شاہراہ فیصل ، یونیورسٹی روڈ اور ضلع وسطی میں بعض پوائنٹس پر چوکنگ ہے اور وہاں بارش کے پانی کی نکاسی روانی سے نہیں ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اورنگی ، گجر ، چوکر اور کلری نالوں کی صفائی کا کام شروع ہوچکا ہے جبکہ بقیہ 26نالوں پر کام عید کے فوراً بعد شروع ہوجائیگا اور نالوں کی صفائی کا کام آئندہ چھ ماہ تک جاری رہے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی وزیر بلدیات کو ہدایت کی کہ وہ نالوں کے ساتھ قائم تجاوزات کے خاتمے کے لئے جامع منصوبہ بندی کریں ۔ صوبائی وزیر جام خان شورو نے کہا کہ کل شام کو شروع ہونے والی بارش کے باعث کے الیکٹرک کے فیڈرز ٹرپ کر گئے تھے جس کے باعث دھابیجی اور پیپری پمپنگ اسٹیشن پر موٹریں اور دیگر الیکٹرکل تنصیبات کو بری طرح سے نقصان پہنچا ہے۔

پیپری پمپنگ اسٹیشن کو بحال کر دیا گیا ہے جبکہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر بحالی کا کام ابھی جاری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سڑکوں پر پانی کھڑے ہونے کی رپورٹس ہیں جس کے باعث شہر میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ڈی ایم سیز کو بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے جنریٹر ہائیر کرنے کے لئے خاطر خواہ فنڈز دیئے گئے ہیں اور ہر ڈی ایم سی کو اپنے اپنے متعلقہ علاقوں میں نالوں کی صفائی اور دیگر اخراجات کے لئے 10ملین روپے فراہم کئے گئے تھے ۔ انہوں نے صوبائی وزیر بلدیات کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی طور پر ان کے کام کا معائنہ کریں۔

متعلقہ عنوان :