خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، دونوں ممالک کی قیادت کو سنجیدگی سے سوچنا ہوگا‘وزیر اعظم پاکستان سٹیٹس مین شپ کا مظاہر ہ کر رہے ہیں ،مودی سرکاربھی نواز شریف کی پہل کاری کا جواب سٹیٹس مین بن کر دیں،ملک اور مذہب اپنا اپنا، تاہم انسانیت سانجھی ہونی چاہیے ، سکھ قوم کو پاکستان سے محبت کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا

چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق کا مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 177برسی کے موقع پر سکھ یاتریوں سے خطاب

بدھ 29 جون 2016 20:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جون ۔2016ء) چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ محمد صدیق الفاورق نے کہا ہے کہ خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، دونوں ممالک کی قیادت کو اس معاملے پر سنجیدگی سے سوچنا ہوگا،وزیر اعظم پاکستان سٹیٹس مین شپ کا مظاہر ہ کر رہے ہیں ،مودی سرکاربھی نواز شریف کی پہل کاری کا جواب سٹیٹس مین بن کر دیں،مسئلہ کشمیر حل ہو جائے تو دونوں ممالک کے درمیان امریکہ اور کینڈا جیسے تعلقات قائم ہو جائیں ،ملک اور مذہب اپنا اپنا، تاہم انسانیت سانجھی ہونی چاہیے ، دین اسلام محبت اور امن کا درس دیتا ہے،سکھ قوم کو پاکستان سے محبت کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا،پرکاش سنگھ بادل ،شرومنی اور دہلی گورودوارہ کمیٹی پاکستان اور بھارت کے درمیان معاملات حل کرنے کے لیے کردار اداکریں۔

(جاری ہے)

یہ باتیں انہوں نے گورو دوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں مہاراجہ رنجیت سنگھ کی 177برسی کے موقع پر بھارت سے آئے سکھ یاتریوں کے جتھ سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے کہا کہ سکھ قوم کے خلاف سازش ہو رہی ہے میری دعوت پر دنیا بھر کے سکھ ایک ہو کر جنم استھان ننکانہ صاحب پر جمع ہوں اور تمام مذہی اختلافات کو ختم کر کے ایک کیلنڈر پر اتفاق کریں ۔چیئرمین نے سکھ جتھ کو قرآنی آیات پڑھ کر سنائیں اور انکا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ قرآن پاک بھی انسانیت سے پیار محبت اور آپس میں بھائی چارے کا درس دیتا ہے ۔

انہو ں نے کہا کہ تمام سکھ بہن بھائی پاکستان سے پیار اور امن کا پیغام لیکر بھارت جائیں اور وہاں جا کر پاکستان سے ملنے والے بھائی چارہ اورسکھ مسلم دوستی کے بارے بتائیں دونوں طرف تعلقات بہتر ہوں گے تو کسی ہتھیار اور ایٹم بم کی ضرورت نہیں ہو گی ۔پارٹی لیڈر سردار گورمیت سنگھ بوہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہاں پاکستان میں جتنا پیار ملا بھارت سے آنے سے قبل سب باتیں اس کے بر عکس تھیں ،یہاں پر ہمارے مقدس گورو دواروں کی دیکھ بھال بہت اچھے طریقہ سے ہو رہی ہیں جس پر ہم وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف اور چیئر مین بورڈ محمد صدیق الفاورق کے بے حد شکر گزار ہیں مہاراجہ رنجیت سنگھ کی مسلم سکھ مذاہب سمیت تمام مذاہب کے لیے بڑی خدمات ہیں انہوں نے پنجاب کو غیر طاقتوں سے آزاد کرانے کے لیے بڑی قربانیں دیں ہمیں انکے بتائے ہوئے طریقوں پر عمل کرنا چاہیے ۔

ڈپٹی پارٹی لیڈر سردار بلدیو سنگھ ایم اے نے بھی مہاراجہ رنجیت سنگھ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور چیئرمین بورڈ محمد صدیق الفاورق کا شکریہ ادا کیا ۔سردار رمیشن سنگھ اروڑا ایم پی اے نے اپنے خطاب میں کہا کہ مہاراجہ رنجیت سنگھ کی خدمات،اور انکی قربانیوں کو زندگی بھر یاد رکھا جائے گا لاہور میں مہاراجہ رنجیت سنگھ کے نام سے کوئی سڑک یا بلڈنگ کانام منسوب کیا جائے گا جس کی قرار دار پنجاب اسمبلی میں منظور ہو چکی ہے ۔

چیئرمین محمد صدیق الفاورق نے اس موقع پر اعلان کیا کہ سکھوں کی مقدس عبادت گاہ گورو دوارہ کیارہ صاحب اور گورو دوارہ انگیٹھا صاحب جلد کھول دیے جائیں گے۔بھائی مردانہ سنگھ کی یاد گار او ر گورو ارجن دیو کے شہیدی استھان کی تعمیر کی جائے گی۔ سکھ یاتری آج 30جون کو اپنے دورہ مکمل ہونے پر صبح 7:00بجے لاہور ریلوے سٹیشن سے بذریعہ سمجھوتہ ایکسپریس واپس بھارت جائیں گے جہاں پر چیئرمین بورڈ محمد صدیق الفاورق انکے الوداع کریں گے۔