پاکستان سے دیہی غربت کے خاتمے کیلئے زراعت کی جدید سائنسی خطوط پر ترقی امریکہ کی ترجیح ہے، یوایس ایڈ کے تحت جلد دو الگ الگ کانفرنسیں ہو نگی جن میں سولر ٹیوب ویل اور زرعی شعبہ میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے معاملات کا جائزہ لیاجائیگا

امریکی قونصل جنرل ز چرے ہرکن رائیڈر کی فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے وفد سے گفتگو

بدھ 29 جون 2016 20:38

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جون ۔2016ء) لاہور میں امریکی قونصلیٹ کے قونصل جنرل ز چرے ہرکن رائیڈر نے کہا ہے کہ پاکستان سے دیہی غربت کے خاتمے کیلئے زراعت کی جدید سائنسی خطوط پر ترقی امریکہ کی ترجیح ہے، یوایس ایڈ کے تحت جلد دو الگ الگ کانفرنسیں ہو نگی جن میں سولر ٹیوب ویل اور زرعی شعبہ میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے معاملات کا جائزہ لیاجائے گا ۔

وہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے صدر چیمبرچوہدری محمد نواز کی قیادت میں ان سے ملاقات کی ۔ وفد میں سنیئر نائب صدر سید ضیاء علمدار حسین ،شیخ عبدالقیوم ،انجینئر سہیل بن رشید بھی موجود تھے ۔مسٹر ز چرے ہرکن رائیڈر نے کہا کہ یو ایس ایڈ کے تحت کسانوں کیلئے نصف قیمت پر پمپ لگائے گئے جس کی وجہ سے پاکستان کو کم از کم 400 میگا واٹ بجلی کی بچت ہوئی ۔

(جاری ہے)

مزید برآں اس سے کسانوں کو مالی فائدہ بھی ہوا ۔انہوں نے بتایا کہ یو ایس ایڈ کے تحت عنقریب دو الگ الگ کانفرنسیں ہو رہی ہیں ۔جن میں سولر ٹیوب ویل اور زرعی شعبہ میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے کے معاملات کا جائزہ لیاجائے گا ۔ انہوں نے پاکستان اور امریکہ کے تاجروں میں براہ راست تعلقات بڑھانے کی تجویز کو بھی سراہا اور یقین دلایا کہ امریکہ جانے والے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کو وہاں پر خصوصی پروٹوکول دیا جائیگا۔

اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر چوہدری محمد نواز نے پاک امریکہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ امریکہ کے ساتھ سیاسی تعلقات بڑھانے کے ساتھ ساتھ معاشی تعلقات میں اضافہ بھی ضروری ہے اور اس مقصد کیلئے امریکہ کو اپنی منڈیاں پاکستانی تاجروں کیلئے کھولنی چاہیئے ۔دو طرفہ مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے سید ضیاء علمدار حسین نے کہا کہ دیہی غربت اس وقت پاکستان کا سب سے بڑامسئلہ ہے ۔

جس پر قابو پانے کیلئے سولر ٹیوب ویل لگا کرہزار سے دس ہزار میگا واٹ تک بجلی کی بچت کی جا سکتی ہے ۔اس طرح جہاں کسانوں کو مفت بجلی ملے گی وہاں انکی پیداواری لاگت بھی کم ہوگی ۔فیصل آباد کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ بجلی چوری کی شکایات زرعی ٹیوب ویلوں سے ہی آرہی ہے ۔جن کو سولر پر منتقل کرکے بجلی چوری کا بھی خاتمہ کیا جا سکے گا ۔

سید ضیاء علمدار حسین نے مزید کہا کہ پاکستان کی زرعی پیداوار میں امریکہ کا کردار بڑا اہم ہے تاہم موجودہ حالات کے تحت پاکستان کو زرعی پیداوار میں اضافہ کیلئے فوری طور پر زیادہ پیداوار دینے والے بیجوں کی اشد ضرورت ہے اور اس شعبہ میں بھی امریکہ کو پاکستان کی مدد کرنی چاہیئے ۔فیصل آباد چیمبر کے سابق صدر انجینئر سہیل بن رشید نے امریکہ کیلئے ویزا ،باہمی تجارتی نمائشوں کے انعقاد اور دونوں ملکوں کے تاجروں کے درمیان براہ راست ملاقاتوں کی اہمیت پر زور دیا ۔

شیخ عبدالقیوم نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کو ملاقات کیلئے وقت دینے پر قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا اور قونصلیٹ کی سطح پر ملاقاتوں کے اس سلسلہ کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ کو آئندہ بھی جاری رکھا جائے کیونکہ اس کے ذریعے دو طرفہ تجارتی مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی ۔