Live Updates

الیکشن کمیشن کے ریٹائرڈ اراکین کی پارلیمان کی منظوری کے بغیر واجبات کی وصولی کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں، (ن) لیگ نے سیاسی رشوت ستانی کی روایت کو پروان چڑھایا ہے،الیکشن کمیشن اراکین اخلاقی طور پر وصول کئے گئے ناجائز واجبات کی فوری واپسی کے پابند ہیں

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا بیان

بدھ 29 جون 2016 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جون ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ریٹائرڈ اراکین کی جانب سے پارلیمان کی منظوری کے بغیر واجبات کی وصولی کی اطلاعات انتہائی تشویشناک مایوس کن اور قابل مذمت ہیں ۔ بدھ کوپی ٹی آئی مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے جاری بیان میں وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے اس بات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اراکین کی تنخواہوں میں اضافہ تو پارلیمان سے منظوری سے مشروط تھا مگر حکومت سب کچھ جان بوجھ کر الیکشن کو اپنے مقاصد کے حصول کیلئے من مانے دام فراہم کرتی رہی ہے۔

انکا کہنا ہے کہ نون لیگ نے سیاسی رشوت ستانی کی روایت کو جنم ہی نہیں دیا بلکہ ہر طرح سے پروان بھی چڑھایا ہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا ہے کہ پارلیمان سے منظوری کے بغیر اضافے کے ساتھ واجبات کی وصولی ضوابط سے کھلے انحراف کے مترادف ہے ۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے اراکین ووٹ کی پرچی کا تقدس بچانے میں بھی بری طرح ناکام رہے اور یہ ہی اراکین آئین کے آرٹیکل 218 (3) کے تحت آزادانہ۔ منصفانہ اور شفاف انتخابات کروانے میں بھی ناکام رہے۔ انکا کہنا ہے کہ اس کے باوجود ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے بھاری تنخواہوں کی وصولی باعث حیرت ہے ۔ انھوں نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اراکین اخلاقی اور قانونی طور پر وصول کئے گئے ناجائز واجبات کی فوری واپسی کے پابند ہیں

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات