ایم ڈی واٹربورڈ کانے بارش کے دوران ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز اور چیف انجینئرز و دیگر انجینئرز وافسران کے ہمراہ ہنگامی دورہ

بدھ 29 جون 2016 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید نے بدھ کو شہر میں موسلادھار بارش کے دوران ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز فہیم اختر زیدی اور چیف انجینئرز و دیگر انجینئرز وافسران کے ساتھ شہر کے نشیبی علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا ،اس دوران وہ ناظم آباد انڈر پاس، اسٹیڈیم روڈ، جمال الدین افغانی روڈ ،کشمیر روڈ ،لیاری ، گلبائی ،عیسیٰ نگری، لیاقت آباد،برنس روڈ ،ایم آر کیانی روڈ بھی گئے اور بارش کے دوران واٹربورڈ کے محکمہ نکاسی آب کے اہلکاروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا ، انہوں نے علاقائی سپرنٹنڈنگ انجینئرز کو ہدایت کی کہ وہ نکاسی آب کی لائنوں اور مین ہولز کا خاص خیال رکھیں بارش کے دوران برسات کے پانی کے ساتھ آنیوالے کچرے سے اوورفلو ہونے والی گٹروں کی فوری صفائی کی جائے ،ایم ڈی واٹربورڈ نے ناظم آباد فلائی اوور کے قریب سیوریج اوورفلو کا نوٹس لیتے ہوئے سیوریج لائن کی فوری صفائی کے لئے اضافی عملے کی تعیناتی کی ہدایت کی، دریں اثناء ایم ڈی واٹربورڈ نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ برسات کے پیش نظر پانی ابال کر استعمال کریں ، اورہیڈ اور انڈر گراؤنڈ گھریلو ٹینکوں کو ڈھانک کر رکھیں تاکہ ان میں بارش کا پانی شامل نہ ہو ،علاوہ ازیں ایم ڈی واٹربورڈ نے واٹربورڈ کے موسم برسات کے موقع پر متحرک کئے گئے شکایت سینٹرز کا بھی معائنہ کیا اور وہاں موصول ہونے والی شہریوں کی شکایات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا اور انہیں برسات کے موسم میں مزید مستعد رہنے کی ہدایت کی ۔

متعلقہ عنوان :