کاروبار تباہ ہو چکا ، نئے چیف جسٹس مال روڈ پر جلسے ،مظاہروں کا نوٹس لیں‘ آل پاکستان انجمن تاجران

ہمیں چیف جسٹس منصور علی شاہ سے اچھی امید وابستہ ہے ،یقین ہے وہ مایوس نہیں کریں گے ‘ مرکزی جنرل سیکرٹری نعیم میر

بدھ 29 جون 2016 20:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء ) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی جنرل سیکرٹری نعیم میر نے جسٹس سید منصور علی شاہ کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے چیف جسٹس مال روڈ پر ہونے والے جلسے اور مظاہروں کا نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال سے زائد عرصے سے ہماری رٹ نمبر10238/15 جو 9اپریل 2015ء سے زیرالتوا ہے،ہماری درخواست کو سنا جائے، ہم نے رٹ میں چیف سیکرٹری،ہوم ڈیپارٹمنٹ، آئی جی پنجاب،ڈی سی او ،سی سی پی او لاہور اور ایس پی سول لائنز کو پارٹی بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ نے 2011ئی میں اپنے ایک فیصلے کے ذریعے مال روڈ پر ہر طرح کے جلسے اور مظاہروں پر پابندی لگا دی تھی اور یہ فیصلہ اس وقت کے چیف جسٹس اعجاز چوہدری نے کیا تھا جس پر آج تک عمل درآمد نہیں ہو سکا۔

(جاری ہے)

باوجود اس کے کہ پوم ڈیپارٹمنٹ نے عدالت کو اس ضمن میں تحر یری یقین دہانی بھی کروائی جو عدالت کے ریکارڈ میں موجود ہے لیکن ضلعی انتظامیہ اور پولیس بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہے ۔

چیف جسٹس اپنی ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کرائیں۔مال روڈ پر کاروبار تباہ و برباد ہو چکا ۔ہماری فریاد آج بھی نہ سنی گئی تو کب سنی جائے گی ۔اگر یہ اتنا مشکل کام ہے تو عدالت ہمیں بھی مظاہرے روکنے کے لیے مال روڈ پر مظاہروں کی اجازت دے۔ نعیم میر نے کہا کہ ہمیں چیف جسٹس منصور علی شاہ سے اچھی امید وابستہ ہے اور یقین ہے کہ وہ مایوس نہیں کریں گے ۔