کراچی، دو روز کی بارش نے حکومت کی کارکردگی کا پول کھول دیا

کراچی میں دو روز کی بارش نے شہری حکومت کی کارکردگی کا پول کھول دیا، برساتی نالوں کی صفائی نہ ہونے سے بارش کے بعد سڑکیں تالاب بن گئیں

بدھ 29 جون 2016 20:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) بارش کے بعد شہر کی مرکزی شاہراہ شارع فیصل تالاب میں تبدیل ہو گئی۔ چند منٹ کی بارش نے سڑک سے پانی کی نکاسی کے نظام کا کچا چٹھا کھول دیا ۔ کہیں اس پانی میں موٹر سائیکل سوار اپنی بند ہوتی بائیکس کو گھسیٹنے پر مجبور تھے تو کہیں گاڑیوں کی طویل قطاروں نے مسافروں کی بارش کی خوشی کو ماند کر دیا۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ برساتی نالوں اور اس سے متصل سیوریج نالوں کی بروقت صفائی کر لیتی تو یہ مسائل دیکھنے کو نہ ملتے۔ بارش کی پیشگی اطلاع کے باجود برساتی نالوں میں کچرا جوں کا توں ہے۔ پانی کی نکاسی نہ ہو سکی اور تالاب بننے والی سڑکیں شہریوں کے لیے کڑا امتحان ثابت ہو رہی ہیں ۔ اگر بارشوں کا سلسلہ جاری رہا تو مسائل میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

بارش سے 300 فیڈرز ٹرپ کر گئے مختلف علاقوں میں بتی غائب۔ گھنٹوں بیت گئے لیکن بجلی کا انتظام مکمل طور پر بحال نہیں ہوسکا ۔ اولڈ سٹی ایریا کیا ، نیوکراچی کیا ، اورنگی کورنگی ، کھارادر ، ڈیفنس ، سولجر بازار ، گلستان جوہر ، کے الیکڑک کا سسٹم بارش جھیلنے کے قابل نہیں ۔ بجلی بحال نہ ہونے کی وجہ سے پانی جس کی پہلے ہی قلت رہتی ہے وہ بھی حل نہیں ہو سکا جس نے صورتحال کو یک نہ شد دو شد کردیا ۔بجلی پانی کی قلت کے ساتھ شہر کو دو مسائل کثرت سے درپیش ہیں جس میں ایک کچڑا اور دوسرا بارش کاجمع ہونے والا پانی ہے۔ مسائل حل کرنے کے لئے شہری اپنی مدد آپ کے اصول پر کام کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :