فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے جمعتہ الوداع کو یوم القدس منایا جائے گا‘علامہ سبطین سبزواری

دیگر تنظیمیں بھی قائدملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی کی اپیل پر ریلیوں میں شریک ہوں گی‘صدر شیعہ علما کونسل پنجاب

بدھ 29 جون 2016 19:51

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) شیعہ علما کونسل پنجاب اور اسلامی تحریک کے صوبائی صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ ناجائز ریاست اسرائیل کے قیام اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے یکم جولائی جمعتہ الوداع کو یوم القدس ریلیاں بھر پور اندا ز سے نکالی جائیں گی جس کے لئے تنظیموں کوہدایات جاری کردی گئی ہیں جبکہ اسلام اور مسلمانوں کا درد دل رکھنے والی دیگر تنظیمیں بھی قائدملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر القدس ریلیوں میں شریک ہوں گی ۔

وہ لاہور میں یوم القدس کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔جس میں توقیر حسین بابا، شہباز حیدر نقوی ، آصف علی زیدی،ملک شوکت علی اعوان،سید جعفر شاہ،چوہدری صغیر عباس ورک،قاسم علی قاسمی،ملک فقیر حسین،عامر علی خان بھٹی ، مولانا یعقوب رضا حیدری ،محمود علی بھٹی، عاشق علی بھٹی ،بشارت علی ڈوگر اور دیگر شامل تھے ۔

(جاری ہے)

علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ فلسطین شیعہ سنی کا نہیں، امت کے ہر فرد کا مسئلہ ہے۔

اس کا تعلق کسی بھی مکتبہ فکر سے ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے حضرت امام خمینی رحمتہ اﷲ علیہ نے جمعتہ الوداع کو یوم القدس کے طور پر منانے کا آغاز 1979ء میں کیا ۔جو آج تک جاری ہے اور انشااﷲ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک جاری رہے گا۔ان کا کہنا تھاکہ شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی پاکستان میں یوم القدس ریلیوں کو شروع کرنے والے ہیں اور یہ وہ جدوجہد ہے جو قائد ملت جعفریہ نمائندہ ولی فقیہہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایات کی روشنی میں جاری ہے۔

علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ مرکزی القدس کمیٹی، صوبائی اور ضلعی سطح پر قائم کمیٹیاں تمام مقامات پر ریلیوں کے انتظامات دیکھیں گی۔ جبکہ لاہور پریس کلب سے پی آئی اے بلڈنگ تک نکالی جانے والی ریلی کی قیادت کو خود کریں گے۔ دیگر جماعتوں کے کارکن بھی شریک ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :