تنزلی پانے والے افسراں سے ہمدردی ہے مگر عدالت سے ٹکر نہیں:پنجاب اسمبلی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 29 جون 2016 17:43

تنزلی پانے والے افسراں سے ہمدردی ہے مگر عدالت سے ٹکر نہیں:پنجاب اسمبلی

لاہور (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29جون۔2016ء) پنجاب حکومت نے عدالتی احکامات کی روشی میں ڈی موٹ ہونے والے افسروں اور سرکاری ملازمین کا ترقیاں بحال کرانے کیلئے یہ معاملہ عدالت میں لے جانے کا عندیہ بھی دیا ہے اورپنجاب اسمبلی میں یقین دہانی کرائی ہے کہ ان ملازمین کیلئے حکومت سے جو ممکن ہوسکے گا وہ ضرور کرے گی ۔

پنجاب اسمبلی میں یہ معاملہ حکومتی رکن شیخ علاﺅالدین نے پوائنٹ آف آرڈر پر اٹھایا تھا اور کہا تھا کہ آﺅٹ آف ٹرن ترقیاں پانے والے ہزاروں پولیس ملازمین عدالتی احکامات کی روشنی میں دوبارہ پندرہ سال پہلے والی پوزیشن پر چلے گئے ہیں اور بادشاہی مسجد میں ان کا اجتماع بھی ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت کو ان ہزاروں خاندانوں کے بارے میں کچھ سوچنا چاہئے اور اس اسمبلی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ، ان کا موقف تھا کہ جب آﺅت آف ٹرن ترقیاں دی گئی تھیں تو حکومت کو چاہئے تھا کہ مناسب قانون سازی کرکے انہیں تحفظ بھی فراہم کرتی ، اب بھی اس ضمن میں سوچا جائے ، وزیر قانون رانا ثناءاللہ خان نے اس نکتہ اعتراض کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں لگ بھگ نو دس ہزار پولیس ملازمین اور افسروں کو ان کی بہتر کارکردگی ، فرض شناسی اور قربانیوں پر آﺅٹ آف ٹرن ترقیاں دی گئی تھیں جو عدالتی احکامات کی روشنی میں واپس لی گئی ہیں، درحقیقت سندھ میں بہت سے پولیس کے افسروں کو بھی آﺅٹ آف ٹرن ترقیاں دی گئیں اور من پسند پوسٹیں دی گئی تھیں جس پر یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر بحث آیا تو سپریم کورٹ نے یہ ترقیاں منسوخ کردیں ، اس عدالتی حکم کا اطلاق پنجاب سمیت تمام صوبوں پر تھا چنانچہ پنجاب میں بھی یہ افسر متاثر ہوئے ، جن سے ہمیں ہمدردی ہے اور وزیر اعلیٰ اس مسئلے کا حل چاہتے ہیں اور اس مسئلے کے حل پر غور بھی کیا جاسکتا ہے لیکن کسی طور بھی عدالتی فیصلے کے برعکس قانون سازی نہیں کی جاسکتی تاہم عدالتی فیصلے میں کئی پہلو توجہ طلب اور مسئلے کے حل میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں جن کا محکمہ قانون جائزہ لے رہا ہے اور ایک صورت یہ بھی ہوسکتی ہے کہ عدالتی فیصلے ہی کی روشنی میں عدالت سے رجوع کیا جائے تاکہ عدالتی فیصلے کی روشنی میں متاثر ہونے والے ملازمین اور افسر جنہوں نے قربانیاں دیں اور ترقیاں پائیں انہیں ریلیف مل سکے۔

متعلقہ عنوان :