برطانیہ کے بعد انگریزی بھی یورپی یونین سے باہر

یورپ میں انگریزی کی حیثیت ایک چھوٹے سے ملک کی مقامی زبان جتنی رہ جائے گی‘یورپی یونین کے سرکردہ ممالک کا یورپ کی قدیم زبان اطالوی کو یونین کی سرکاری زبان قراردینے پر غور

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 29 جون 2016 17:28

برطانیہ کے بعد انگریزی بھی یورپی یونین سے باہر

لندن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29جون۔2016ء) برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے بعد انگریزی کوبھی یورپی یونین سے باہر کرنے کا فیصلہ ہوگیا ہے۔یورپی پارلیمنٹ کے قانون سازوں کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے بعد انگریزی یورپی یونین کی سرکاری زبان نہیں رہے گی۔یورپی پارلیمان کی آئینی امور سے متعلقہ کمیٹی( اے ایف سی او ) کی سربراہ دانوتا ماریا ہوبنر نے خبردار کیا کہ برطانیہ کے بریگزٹ کے بعد انگریزی یورپی یونین کی سرکاری زبانوں میں شامل نہیں ہو گی کیونکہ کوئی دوسرا رکن ملک انگریزی زبان کو سرکاری زبان کے طور پر استعمال نہیں کرتا ہے لہذا یہ زبان یورپی یونین میں اپنی حیثیت کھو دے گی۔

ہوبنر نے کہا کہ جیسے ہی برطانیہ یورپی یونین چھوڑنے کے عمل کو مکمل کرلیتا ہے انگریزی بھی سرکاری زبان کے طور پر اس کی حیثیت کھو دے گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہم نے ایک قاعدے کے تحت ہر رکن ملک کو ایک سرکاری زبان سے مطلع کرنے کا حق دیا ہے۔آئرش نے گیلک کو سرکاری زبان کے طور پر شناخت کیا ہے اور یورپی یونین میں مالٹا کی مالتیز سرکاری زبان ہے لہذا صرف برطانیہ ایک واحد ملک ہے جس کی سرکاری زبان انگریزی ہے۔

امریکی جرنلزم آرگنائزیشن پولیٹیکو کے مطابق یورپی پارلیمنٹ کی آئینی امور کی کمیٹی کی سربراہ دانوتا ہوبنر نے کہا کہ اگر برطانیہ ہم میں شامل نہیں ہے تو، انگریزی کی بھی ضرورت نہیں ہے۔انگریزی یورپی یونین کے اداروں میں کام کرنے والوں کی زبانوں میں سے ایک ہے۔یورپی یونین کی آئینی امور سے متعلقہ کمیٹی کی سربراہ ماریا ہوبنر کے مطابق یورپی یونین کی سرکاری زبانوں کے اندراج کے قواعد کو بریگزٹ کے بعد باقی ممالک کی طرف سے متفقہ طور پر تبدیل کیا جاسکتا ہے ۔

یورپی یونین کے ذرائع کے مطابق سرکاری زبانوں کی فہرست کے حوالے سے 1958کے قواعد وضوابط کو اصل میں فرانسیسی میں لکھا گیا ہے جو واضح طور پر یہ نہیں کہتا ہے کہ کیا ایک رکن ملک مثال کے طور پر آئر لینڈ اور مالٹا ایک سے زیادہ سرکاری زبان رکھ سکتا ہے۔تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ فرانسیسی الفاظ کی تشریحات سے یہ نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ ایسا ممکن ہے۔

تاہم ذرائع کے مطابق فرانسیسی ورژن اور سرکاری زبانوں پر58 سالہ یورپی قوانین کے انگریزی ترجمے کے درمیان فرق ہے اور انگریزی ورژن اس کو مسترد کرتا ہے۔جب آئر لینڈ اور مالٹا نے یورپی یونین میں شمولیت اختیار کی تھی تو انگریزی پہلے سے یورپی یونین کی ایک سرکاری زبان تھی جس کی وجہ سے دونوں ملکوں نے مالتیز کو اپنی سرکاری زبان کے طور یورپی یونین میں شامل کیا تھا۔

برطانیہ کے یورپین یونین چھوڑنے کے حق میں فیصلہ دیے جانے کے بعد ایک علامتی اقدام کے طور پر یورپی کونسل نے بیرونی مواصلات کے لیے زیادہ کثرت سے فرانسیسی اور جرمن زبان کو استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔دریں اثناءبرطانوی ریفرنڈم کے بعد علاقائی کونسل کے صدر ٹسکنی یوجینیو جیانی نے اطالوی زبان کو یورپی یونین کی سرکاری زبان بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔یورپی یونین کی دستاویزات کا یورپی یونین کی 24 سرکاری زبانوں میں ترجمہ کیا جاتا ہے اگر انگریزی اپنی حیثیت کھو دیتی ہے تو برطانیہ کو خود دستاویزات کا انگریزی میں ترجمہ کروانا پڑے گا۔