فیس بک ،انٹرنیٹ کے ذریعے خواتین ڈاکٹروں کو بلیک میل کرنے کے مقدمے میں گرفتار ملزم کا لیپ ٹاپ عدالت میں پیش کرنے کا حکم

بدھ 29 جون 2016 17:00

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جون ۔2016ء) انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت نے فیس بک اور انٹرنیٹ کے ذریعے دو سو سے زائد خواتین ڈاکٹروں کو بلیک میل کرنے کے مقدمے میں گرفتار ملزم عبدالوہاب علوی کے خلاف استغاثہ کی سماعت دو جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو ملزم کا لیپ ٹاپ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

گزشتہ روز انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت کے جج چو ہدری محمد اعظم نے کیس کی سماعت کی ۔ تھانہ گوالمنڈی پولیس نے ملزم عبدالوہاب علوی کو ہتھکڑیاں لگا کر سخت سکیورٹی میں عدالت کے روبرو پیش کیا۔ دوران سماعت مقدمہ کے مدعی ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے وکیل آصف جاوید قریشی نے عدالت کو بتایا کہ ملزم عبدالواہاب علوی نے فیس بک اور انٹرنیٹ کے ذریعے خواتین ڈاکٹروں کو ہراساں کیا جس کے باعث درجنوں خواتین ڈاکٹرز پیشہ چھوڑنے پر مجبور ہو گئیں جبکہ ملزم ڈاکٹر ز کو بلیک میل کر کے بھتہ بھی وصول کرتا رہا۔

(جاری ہے)

ملزم کے موبائل کا ڈیٹا ریکارڈ کا حصہ ہے جبکہ ملزم سے میموری کارڈز بھی برآمد کئے جا چکے ہیں ۔دوران سماعت عدالت میں سب انسپکٹر نوید،کانسٹیبل عابد اور کانسٹیبل ارباب سمیت کل سات گواہان کے بیانات پر جرح مکمل کر لی گئی۔ تفتیشی افسر نے ملزم کے لیپ ٹاپ کو عدالت میں پیش کرنے کے لئے دو روز کی مہلت طلب کی جس پرعدالت نے کیس کی مزید سماعت دو جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو آئندہ سماعت پرملزم کا لیپ ٹاپ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

متعلقہ عنوان :