انتہاپسند ،دہشتگرد گروہ اور ان کے سرپرست دنیا کے امن کیلئے خطرہ بن چکے ہیں،ترکی میں ہونے والے بم دھماکے افسوسناک اور قابل مذمت ہیں، داعش جیسے فتنوں کے خاتمے کیلئے موٴثر حکمت عملی بنانا ہوگی

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا مذمتی بیان

بدھ 29 جون 2016 16:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جون ۔2016ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ انتہاپسند ،دہشتگرد گروہ اور ان کے سرپرست دنیا کے امن کیلئے خطرہ بن چکے ہیں،ترکی میں ہونے والے بم دھماکے افسوسناک اور قابل مذمت ہیں، داعش جیسے فتنوں کے خاتمے کیلئے موٴثر حکمت عملی بنانا ہوگی۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی دنیانے شام،عراق میں ہونے والے مظالم پر مجرمانہ خاموشی اختیار کررکھی ہے جس کے نتیجہ میں داعش جیسی تنظیمیں مضبوط ہورہی ہیں۔انتہاپسنداوردہشتگردتنظیموں خاتمے کیلئے شام ،عراق اور فلسطین کے مسائل کو حل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انتہاپسند ، دہشتگرد گروہ اور ان کے سرپرست شام،عراق ،لیبیاء کے بعد اب ترکی ،سعودی عرب اور پاکستان کو نشانہ بنانا چاہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ترکی میں ہونے والے بم دھماکوں ،عراق ،شام اور بحرین کی صورتحال پر فوری طور پر اسلامی سربراہی کانفرنس کا اجلاس بلایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت میں قائم ہونے والے عالمی اسلامی عسکری اتحاد کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے۔ دہشتگرد ،انتہاپسندگروہوں اور ان کے سرپرستوں کیخلاف عالم اسلام کو متحد ہوکر اپنا لائحہ عمل بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ترکی میں ہونے والے بم دھماکوں کیخلاف اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ ہے اور دہشتگردی کی بھر پور مذمت کرتی ہے اور اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ ہر طرح سے تعاون کیلئے تیار ہے۔

متعلقہ عنوان :