تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چیچہ وطنی میں ناقص کیبل کے استعمال سے بجلی کی سپلائی 13گھنٹے معطل رہی

Malik Usman ملک عثمان بدھ 29 جون 2016 16:02

چیچہ وطنی۔(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28 جون 2016ء) ۔۔۔ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال چیچہ وطنی میں ناقص کیبل کے استعمال سے بجلی کی سپلائی 13گھنٹے معطل رہی جس سے ہسپتال کے تمام وارڈز میں داخل مریضوں کا شدید گرمی سے براحال ہوگیا،ذرائع کے مطابق ہسپتال کے ترقیاتی منصوبے کیلئے پونے چار کروڑ سے زائد کے فنڈز جاری کئے گئے تھے تاہم ٹھیکے میں ہونیوالی میگا کرپشن کے باعث آدھے سے بھی زائد فنڈز مختلف لوگوں کی جیبوں میں چلے گئے اور منصوبے کی تکمیل میں انتہائی ناقص میٹریل استعمال کیا گیا حتیٰ کہ بجلی کی سپلائی کیلئے کی جانیوالی وائرنگ میں بھی ناقص کیبل استعمال کی گئی، گزشتہ شب 12بجے تاروں میں اچانک آتشزدگی سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی اور مردانہ، زنانہ اور گائنی وارڈز میں داخل مریضوں کی شدید گرمی سے چیخیں نکل گئیں، بعض مریض اورانکے لواحقین تو وارڈز سے نکل کر پلاٹوں میں لیٹ گئے جبکہ دیگر مریضوں کو ہنگامی طور پر وارڈز سے نکال کر ایمرجنسی وارڈ منتقل کردیا گیا اورتقریبا13گھنٹے بعد بتدریج بجلی بحال ہوسکی، مقامی شہریوں نے ہسپتال کے ترقیاتی منصوبے میں ہونیوالی میگا کرپشن کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تشکیل اورذمہ داران کیخلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :