جدہ: نئے ” نتاقط“سسٹم سے نجی شعبے میں غیرملکیوں کے غلبے میں کمی واقع ہو گی: احمد الحمیدان

بدھ 29 جون 2016 14:35

جدہ: نئے ” نتاقط“سسٹم سے  نجی شعبے میں غیرملکیوں کے غلبے میں کمی واقع ..

جدہ:(اْردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29جون 2016ء): وزیر لیبر اینڈ سوشل ڈیویلپمنٹ احمد الحمیدان نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں 11دسمبر 2016سے نیا نتاقط”Nitaqat“ سسٹم لاگو ہو جائے گا۔ جس سے غیرملکی شہریو ں کا مختلف نجی شعبوں میں غلبہ کم ہو گا، اور سعودی شہریوں کو ان شعبوں میں ملازمت کے امکانات زیادہ پیدا ہو ں گے۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران احمد الحمیدان کا کہنا تھا کہ” اس نئے سسٹم سے جاب مارکیٹ میں بہتری آئے گی، اور سعودی مرد و خواتین کے لیے مناسب اور بہترین ملازمتیں پیدا ہوں گی۔

اس سے سعودائزیشن پالیسی کو بھی استحکام ملے گا۔ اس نئے سسٹم کو بھی 2030وژن کے حساب سے شروع کیا گیاہے۔ احمد الحمیدان نے کہا کہ ان کو سعودی نوجوانوں کے بے روزگار ہونے کی بڑی فکر ہے ۔ جس کی وجہ سے وہ متعدد اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ٹیلی کام شعبے میں سعودائزیشن کی بات کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ موبائل فون سیکٹر میں سعودائزیشن کے حوصلہ افزا نتائج نکل رہے ہیں ۔

اور اس موبائل فون کے شعبے میں سعودی نوجوانوں کو ملازمتیں مل رہی ہیں۔ وزارت کی طرف سے مختلف شعبوں میں جعلی سعودائزیشن کی اطلاعات بھی ملی ہیں ۔ ان کمپنیوں اور فرموں کے خلاف کاروائی کی جا رہی ہے۔پچھلے کچھ سالوں میں وزارتِ عمل کی طرف سے سعودائزیشن پالیسی کو آگے بڑھانے کے لیئے متعدد اقدامات کیئے جا رہے ہیں۔جس کے نتیجے میں متعدد کمپنیاں ایک خاص حد تک سعودی ملازمین رکھ چکی ہیں ۔

لیکن ان کو ابھی مکمل سعودائزیشن پالیسی کے مطابق سعودی شہریوں کو ملازمت دینا ہو گی۔ جو کمپنیاں سعودی شہریوں کو ملازمت کے مواقع فراہم نہیں کر رہی ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ وزارتِ عمل سعودی شہریوں کے لیئے ملازمت کے ہرممکن مواقع تلاش کرتی رہے گی۔اس لیئے ہی مخصو ص شعبوں کو سعودی شہریوں کے لیئے مختص کیا گیا ہے ۔