لو میرج کیس کا فیصلہ، لڑکی کو والدین کے ہمراہ جانے کی اجازت دیدی گئی

بدھ 29 جون 2016 14:13

لاہور۔29 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 جون۔2016ء)لاہور ہائیکورٹ نے مبینہ لو میرج کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے لڑکی کے بیان کی روشنی میں اسے والدین کے ہمراہ جانے کی اجازت دے دی کمرہ عدالت کے باہر شوہر ہونے کے دعویدار شخص نے نکاح تسلیم کرنے کے لئے لڑکی کے آگے ہاتھ جوڑ دئیے۔

(جاری ہے)

عدالتی سماعت کے دوران صغیرنامی مبینہ شوہرکے وکیل غلام مرتضی چوہدری اور نسرین خٹک نے عدالت کو آگاہ کیا کہ درخواست گزار نے پہلی بیوی کی اجازت حاصل کر کے سمیرا یا سمین نامی لڑکی سے محبت کی شادی کی مگرلڑکی کے گھر والے درخواست گزار کی بیوی کو اغواء کر کے لے گئے۔

کمرہ عدالت میں موجود سمیرا یا سمین نامی لڑکی نے عدالت میں درخواست گزار کو پہچاننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اسے نہ تو کسی نے اغواء کیا نہ ہی اس نے کسی شخص سے خفیہ شادی کی۔جس پرعدالت نے لڑکی کے بیان کی روشنی میں لڑکی کو والدین کے ہمراہ جانے کی اجازت دیتے ہوئے حبس بیجا کی درخواست نمٹا دی۔