ٹیوٹاکے اداروں میں کام کرنے والے 186سرکاری ملازمین کواگلے گریڈ میں ترقی مل گئی

بدھ 29 جون 2016 13:36

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29جون 2016ء)ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا)کے اداروں میں کام کرنے والے 186سرکاری ملازمین کواگلے گریڈ میں ترقی مل گئی ہے، رواں مالی سال کے دوران ترقی پانے والوں میں مختلف گریڈ میں کام کرنے والے ٹیچنگ و نان ٹیچنگ ملازمین شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے ملازمین کی ترقی کے حوالے سے جائزہ کار اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر جواد احمد قریشی اور دیگر افسران موجود تھے۔ عرفان قیصر شیخ نے بتایا کہ صوبہ بھر کے ٹیوٹا اداروں میں ترقی پانے والے گریڈ 19کے3، گریڈ18 کے 3، گریڈ 17کے 42، گریڈ 16کے 47،گریڈ 15کے ایک، گریڈ 14کے 66، گریڈ 11کے 3،گریڈ9کے 2، گریڈ8کے 10، گریڈ 7کے3، گریڈ 6کے3اورگریڈایک کے3 ٹیچنگ و نان ٹیچنگ ملازمین کو اگلے گریڈ میں ترقی دے دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

چیئر پرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ ٹیوٹا وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے احکامات کے مطابق صوبہ پنجاب میں فنی تعلیم اور ووکیشنل ٹریننگ کے فروغ کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمین کی ترقیوں کے کیسز کو نمٹانے کیلئے خصو صی دلچسپی دی جا رہی ہے تاکہ اساتذہ اپنے فرائض منصبی دلجمعی کے ساتھ انجام دے سکیں۔ انہو ں نے مزید بتایا کہ ٹیوٹا ملازمین کو بھی ترقی دینے کیلئے پروموشن پالیسی وضع کی جا رہی ہے تاکہ صوبہ بھر میں کام کرنے والے ٹیوٹا ملازمین کو بھی سرکاری ملازمین کی طرح ترقی مل سکے ۔