پیپلزپارٹی ٹریک ریکارڈ کی بنیاد پر آمدہ انتخابات میں کلین سویپ کریگی ،چوہدری عبدالمجید

منگل 28 جون 2016 15:47

چکسواری /میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جون ۔2016ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ٹریک ریکارڈ کی بنیاد پر آمدہ انتخابات میں کلین سویپ کرے گی مخالفین کی سازشیں اور گٹھ جوڑ پیپلزپارٹی کے راستے کی دیوار نہیں بن سکتے۔2011کے انتخابی منشور کو عملی جامہ پہنانے کے لیے آزادکشمیر کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لیے میگا پراجیکٹس دیئے جس سے آزادکشمیر کے عوام بلاتخصیص برادری وعلاقہ مستفید ہورہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے جو کہا وہ کرکے دکھایاہمارے دیئے ہوئے میگا پراجیکٹس تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں اور تاریخ کو کوئی مسخ نہیں کرسکتا۔ہم نے پانچ سال کے عرصہ میں تعمیر وترقی کے جواقدامات کیے ماضی کی حکومتیں وہ 60برسوں میں نہ کرسکیں۔

(جاری ہے)

ماضی کے حکمران عوام کا استحصال ہی کرتے رہے عوام کو برادریوں وعلاقوں میں الجھا کر عوام کو محرومیوں کے گڑھے میں دھکیل دیا ہم نے 2011میں عوام کو طاقت سے آزادکشمیر میں عوامی راج قائم کرکے دکھایاہماری کوئی برادری نہیں کوئی علاقہ نہیں عوام کی خدمت ہماری سیاست کا محور ومرکز ہے اور ہم سیاست کوعبادت سمجھتے ہیں عوام کی خدمت ہمار انصب العین ہے عوام کی فلاح وبہبود گڑھی خدابخش کے شہداء کامشن ہے جس کی ہم تکمیل کررہے ہیں عوام ہماری طاقت ہیں عوام نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کو سرخرو کیا آج پیپلزپارٹی کے خلاف جوسازشیں اورگٹھ جوڑ ہورہے ہیں یہ سب غیر فطری اتحاداور آزادکشمیر میں انتخابات کو ہائی جیک کرنے کے منصوبے ہمارے راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتے ہم عوامی حقوق کے محافظ ہیں عوامی حقوق کا تحفظ کرنا جانتے ہیں آج لوکل کونسل کا الیکشن نہ جیتنے والے بھی بلند وبانگ دعوئے کررہے ہیں گھر کے سارے افراد بھی ان کے ساتھ نہیں ان کی سیاست کا مقصد پیپلزپارٹی کا راستہ روک کر عوامی ترقی وخوشحالی کا راستہ روکنا ہے مگر ہم انہیں ایسے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید یہاں علاقے کی ممتاز شخصیت افتخار احمد کی طرف سے دیئے گئے افطار ڈنر میں عوام علاقہ سے خطاب کررہے تھے علاقے کی ممتاز شخصیات نے افطار ڈنر میں شرکت کی وزیراعظم نے کہاکہ میں نے ہمیشہ عوام کی ترقی وخوشحالی کے لیے اقدامات کیے عوام کی ترقی وخوشحالی میرا خواب تھا میں نے وزیراعظم بنتے ہی بھمبر سے تاؤ بٹ تک غریب وپسماندہ عوام کے دکھوں کا مداوا کیا آزادکشمیر کے عوام کی ترقی وخوشحالی کے لیے جدید میکانیزم اختیار کرتے ہوئے خطے کو معاشی خوشحالی کے ٹریک پر چڑھادیا آزادکشمیر میں ایجوکیشن اور ہیلتھ سروسز کو فوکس کرتے ہوئے جدید پیکج دیئے اور آج دور دراز پسماندہ علاقوں کے غریب عوام کو بھی تعلیم کے مواقع میسر آرہے ہیں اور صحت کی سہولیات فراہم ہورہی ہیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ خدمت خلق میری زندگی کا مشن ہے میں نے خود کو عوام کے لیے وقف کررکھا ہے اور جب تک زندہ ہوں عوام کی خدمت کرتے رہیں گے ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ تحریک آزادی ہمارے ایمان کا حصہ ہے ہم نے آزادکشمیر کو صیحح معنوں میں تحریک آزادی کا بیس کیمپ بنایا تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں کسی کو افرا تفری پیدا نہیں کرنے دیں گے اور نہ ہی کسی کو ریاستی تشخص پاما ل کرنے دیں گے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ن لیگ ،پاکستان تحریک انصاف ،مسلم کانفرنس اور دیگر جماعتیں بھی مل کر پیپلزپارٹی کی کامیابی کا راستہ نہیں روک سکتے بلند وبانگ دعوے کرنے والے 21جولائی کو اپنی اوقات میں آجائینگے۔

متعلقہ عنوان :