ٹوورازم کارپوریشن کے زیراہتمام شندور پولو فیسٹیول 22جولائی کومنعقدہو گا

منگل 28 جون 2016 15:01

پشاور ۔28 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 جون۔2016ء) دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے پولو فیسٹیول کو 15جولائی کی بجائے 22جولائی کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو ٹوورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام منعقد کیا جائے گا ۔اس سے قبل عید چھٹیوں اور رمضان کے باعث پولو کھلاڑیوں اورگھوڑوں کا پولو گراؤنڈ پر پہنچنا اور وہاں پریکٹس کرنا ناممکن تھا ، ان خیالات کا اظہار منیجنگ ڈائریکٹرٹوورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان نے کانفرنس روم محکمہ سیاحت میں زیر صدارت اجلاس میں کیا اس موقع پر جنرل منیجر ایڈمن سجاد حمید ، جنرل منیجر ٹی آئی سیز محمد علی سید ، چیف پلائننگ آفیسر حیات علی شاہ اور دیگرا ہم شخصیات موجود تھیں ، منیجنگ ڈائریکٹر مشتاق احمد خان نے کہاکہ عید الفطر کی چھٹیوں کے فوراً بعد شندور پولو فیسٹیول کا انعقاد ممکن نہیں تھا کیونکہ پولو ٹیموں کی شندور گراؤنڈ تک تین دن میں رسائی ممکن نہیں لہٰذا کھلاڑیوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے 22جولائی تاریخ مقررکی ہے تاکہ تمام ٹیموں کی بروقت پہنچ ممکن ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ شندور پولو فیسٹیول کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا ہے تاکہ امسال خصوصی طور پر بین الاقوامی سیاحوں سمیت ملکی سیاح بھی ان علاقوں کا دورہ کرسکیں اور سیاحت ترقی پاسکے ،ٹوورازم کارپوریشن کے زیراہتمام ہر سال باقاعدگی کیساتھ شندور کے مقام پر پولو فیسٹیول منعقد کیا جاتا ہے جبکہ گزشتہ سال بارشوں میں سیلاب کی وجہ سے پولو فیسٹیول کا انعقاد نہیں کیا جاسکا، قدیم عرصے سے جاری اس کھیل کو صوبائی حکومت مکمل سپورٹ کر رہی ہے اور اس میں آنے والے تمام مہمانوں کی مکمل مہمان نوازی کی جائے گی ، واضح رہے کہ ٹوورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا شندور پولو فیسٹیول میں ہرسال کیمپنگ ویلیج ، ثقافتی موسیقی، پیرا گلائیڈنگ اور دیگر سرگرمیوں میں مکمل سپورٹ کرتا رہاہے اور یہ سالانہ کلینڈر کا بڑا ایونٹ ہے جو کہ باقاعدگی کے ساتھ منعقدکیا جاتا ہے ،پولو فیسٹیول دنیا کے بلند ترین گراؤنڈ پر منعقد کیا جاتا ہے جو کہ سطح سمندر سے 12500فٹ اونچائی پر واقع ہے ۔