یورو فٹبال ، دفاعی چیمپئن سپین ، انگلینڈ کا سفر تمام، کوارٹر فائنل کا لائن اپ مکمل

منگل 28 جون 2016 14:43

یورو فٹبال ، دفاعی چیمپئن سپین ، انگلینڈ کا سفر تمام، کوارٹر فائنل ..

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 جون ۔2016ء) فرانس میں جاری یورو فٹبال کپ2016کے ناک آؤٹ مرحلے میں دفاعی چیمپئن اسپین ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا ،جب کہ ناتجربہ کار آئس لینڈ نے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں 2 گولز سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا، یوروکپ میں کوارٹر فائنل کا لائن اپ مکمل ہو گئی۔ یکم جولائی سے کوارٹر فائنلز کا مرحلہ شروع ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق یورو کپ کے نا ک آٹ مرحلے میں گزشتہ روز 2 میچ کھیلے گئے، پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن اسپین کا مقابلہ اٹلی اور دوسرے میچ میں انگلینڈ کا مقابلہ آئس لینڈ سے ہوا۔ اٹلی نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں اسپین کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دی۔ اسپین 2006 کے ورلڈ کپ کے بعد پہلی بار کسی بڑے ٹورنامنٹ کے ناک آوٹ مرحلے میں باہر ہوا ہے۔

(جاری ہے)

میچ میں اٹلی کی بہتر حکمت عملی اور پرجوش کھیل کی وجہ سے اسپین کو ایک گول کرنے کا بھی موقع نہیں ملا اور یوں دفاعی چیمپیئن اسپین کے یوروکپ کے سفر کا خاتمہ ہوا۔ناک آٹ مرحلے کے دوسرے میچ میں ناتجربہ کار اور عالمی رینکنگ میں 34ویں نمبر پر موجود آئس لینڈ نے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دی۔ میچ میں انگلینڈ کے فارورڈر رونی نے پنلٹی پر گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی تاہم یہ زیادہ دیر قائم نہ رہی اور ریگنار کے خوبصورت گول سے آئس لینڈ میچ میں برابرآ گیا، میچ میں آئس لینڈ کی جانب دوسرا اور فیصلہ کن گول کولبن نے کیا، بظاہر یہ گول آسان تھا جس میں انگلینڈ کے گول کیپر اسے روکنے میں بری طرح ناکام ہوئے۔

آئس لینڈ کے ہاتھوں شرمناک شکست کے بعد انگلینڈ کے منیجر رائے ہوڈسن مستعفی ہوگئے۔کوارٹرفائنل کا آغاز یکم جولائی کو پرتگال اور پولینڈ کے درمیان میچ سے ہوگا جبکہ 2 جولائی کو ویلز اور بیلجیم آمنے سامنے ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :