یورو 2016‘آئس لینڈ نے انگلینڈ کو شکست دیکر ایونٹ سے باہر کر دیا

منگل 28 جون 2016 12:16

یورو 2016‘آئس لینڈ نے انگلینڈ کو شکست دیکر ایونٹ سے باہر کر دیا

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جون ۔2016ء) یورو کپ 2016 کے ناک آوٴٹ مرحلے میں آئس لینڈ نے اعصاب شکن مقابلے میں انگلینڈ کو 1 کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔تفصیلات کے مطابق فرانس میں جاری یورو کپ کے ناک آوٴٹ مرحلے کے تیسرے روز 2 میچز کھیلے گئے۔انگلش کلب مانچسٹر یونائٹیڈ کے اسٹرائیکر وین رونی کی قیادت میں انگلینڈ ٹیم ناک آوٴٹ مرحلے میں آئس لینڈ کے مدمقابل نظر آئی ‘انگلینڈ نے میچ کا شاندار آغاز کیا اور چوتھے منٹ میں ہی وین رونی نے پنالٹی اسٹروکس پر گیند کو جال کی راہ دکھا کر آئس لینڈ کے خلاف صفر کے مقابلے میں 1 گول کی برتری دلادی تاہم انگلینڈ کی برتری زیادہ دیر تک برقرار نہ رہ سکی اور 2 منٹ بعد ہی آئس لینڈ کے کھلاڑی رایگنر سگورڈسن نے کلوز رینج سے گیند کو گول پوسٹ میں پہنچا دیا، اس طرح میچ کا 1-1 گول سے برابر ہوگیا۔

(جاری ہے)

انگلینڈ کی ٹیم ابھی آئس لینڈ کے کھلاڑیوں کے حملوں سے سنبھل ہی نہیں پائی تھی کہ 18 ویں منٹ میں آئس لینڈ کے کوبین سگوتھروسن نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 1-2 سے سبقت دلائی ‘دوسرے ہاف میں آئس لینڈ نے منیجر رائے ہڈسن کی انگلش ٹیم کی ایک نہ چلنے دی اور میچ کے اختتام تک انگلینڈ کو گول کرنے سے محروم رکھا۔انگلش منیجر رائے ہڈسن نے آئس لینڈ کو قابو کرنے کیلئے کئی متبادل کھلاڑیوں کو بھی میدان میں اتارا تاہم وہ بھی انگلینڈ کو شکست سے نہ بچاسکے ‘میچ کے اختتام کے بعد انگلش کپتان وین رونی نے آئس لینڈ کے خلاف شکست کو تاریخ کا سیاہ دن قرار دیا۔

انہوں نے کہاکہ کبھی کبھی بہترین ٹیم ہمیشہ نہیں جیت پاتی ‘ جب حریف ٹیم آپ پر سبقت حاصل کرلے تو میچ کا اسکور برابر کرنا بہت مشکل ہوتا ہے کیونکہ حریف ٹیم اْس وقت منظم ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاسٹ 16 میچ میں آئس لینڈ کے مقابلے کے لیے پراعتماد تھے ‘ہم جیت سکتے تھے تاہم میچ میں شکست سے سخت مایوسی ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :