پاکستان کی معروف و متنازعہ اداکارہ قندیل بلوچ نے سکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 28 جون 2016 12:14

پاکستان کی معروف و متنازعہ اداکارہ قندیل بلوچ نے سکیورٹی فراہم کرنے ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔28جون 2016ء) : پاکستان کی معروف و متنازعہ اداکارہ قندیل بلوچ نے سکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پرقندیل بلوچ نے وزارت داخلہ، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور اسلام آباد کے سینئر سپرنٹنڈنٹ کو لکھے گئے ایک خط میں سکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ، اپنے خط میں قندیل بلوچ نے سوشل میڈیا پر ان کی دستاویزات عام کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ قندیل نے اس خط میں اپنے اصل نام فوزیہ عظیم کے دستخط کیے، قندیل بلوچ کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر ان کی دستاویزات عام ہونے پروہ شدید تناؤ اور ڈپریشن کا شکار ہیں۔قندیل بلوچ نے اپنے خط میں سوال کیا کہ ان کی دستاویزات نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ڈیپارٹمنٹ سےکس طریقہ سے حاصل کی گئیں، کیا اس مین کوئی حکومتی عہدیدار ملوث ہے جس نے ان کی دستاویزات لیک کر کے شوبز کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

قندیل نے کہا کہ مجھے موبائل فون پر دھمکی آمیز کالز موصول ہو رہی ہیں جس کے تحت میری جان کو خطرات لاحق ہیں ۔قندیل بلوچ نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ مجھے آپ سے سکیورٹی کی ضرورت ہے۔ قندیل بلوچ نے اپنے خط میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری طور پرقانونی کارروائی کرنے،دستاویزات کو سوشل میڈیا سے ہٹانے اور اس کام میں ملوث ذمہ داران کو پکڑنے کے لیے حرکت میں لانے کی درخواست کی۔

متعلقہ عنوان :