بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع کپواڑہ میں ایک کشمیری نوجوان شہید

منگل 28 جون 2016 12:09

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جون ۔2016ء)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع کپواڑہ میں ایک اورکشمیری نوجوان کو شہید کردیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے سوپور کے علاقے ڈورو کے رہائشی سمیر احمد نامی کو ضلع کے علاقے نگری درگمولہ میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران شہیدکیا۔

پولیس کے ایک سینئر افسر نے دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ نوجوان حزب المجاہدین کا ڈویژنل کمانڈر تھا اور اسے درگمولہ میں ایک جھڑپ کے دوران قتل کیاگیا۔

(جاری ہے)

ادھر سوپور میں لوگوں نے نوجوان کے قتل کی خبر سنتے ہی زبردست بھارت مخالف مظاہرے کئے ۔کٹھ پتلی انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف کشمیر اکنامک الائنس کے زیر اہتمام لال چوک سرینگر میں احتجاجی مارچ کے شرکاء پر بھارتی پولیس نے طاقت کو وحشیانہ استعمال کیا اور متعد د افراد کو گرفتار کرلیا۔

دریں اثناء بھارتی فوج کی24راشٹریہ رائفلز کے اہلکار کرشنا پل نے ضلع گاندربل میں واقع فوجی کیمپ میں اپنی سروس رائفل سے گولی مار کر خودکشی کر لی ، جس سے جنوری 2007سے مقبوضہ علاقے میں خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر 360ہو گئی ہے ۔