قرآن دلوں کے امراض کی شفاء اور حق و باطل کے درمیان فرق بتانے والی کتاب ہے ، رعنا فضل

پیر 27 جون 2016 23:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جون ۔2016ء)جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی ڈپٹی جنرل سیکریٹری رعنا فضل نے کہا ہے کہ قرآن دلوں کے امراض کی شفاء اور حق و باطل کے درمیان فرق بتانے والی کتاب ہے، ڈیفنس میں تکمیل قرآن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اسلام پورا نظام زندگی دیتا ہے ، اسکی حدود فرد کی ذات سے کائنات تک ہیں ، جب انسان اﷲ کی بندگی اختیار کر لیتا ہے تو اس کو اﷲ کے احکامات کے معاملے میں چوں چراں کا حق حاصل نہیں رہتا ۔

(جاری ہے)

رعنا فضل کا کہنا تھا کہ اﷲ نے مسلمانوں کو ایک مکمل معاشی نظام دیا تھا لیکن افسوس کی بات ہے کہاسلام کے نام پر حاسل ہونے والی ریاست پاکستان میں اسکے خلاف سود پر مبنی نظام چلایا جارہا ہے ، اگر اس کو بدلنے کی کوشش نہ کی گئی تو یہ ہمارے ایمان کی موت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام جو نظام حکومت دیتا ہے اسکا نفاذ صالح حکمرانوں کے ذریعے ہی ممکن ہے جو اسکو نافذ بھی کرتا ہے اور اس کی حفاظت بھی کرتا ہے۔