زندگی اﷲ کی امانت ہے،جب تک اﷲ نہ چاہے کوئی نہیں مارسکتا، علامہ عقیل انجم قادری

ناموس رسالت اور عقیدہء ختم نبوتﷺ کا دفاع کرتے رہیں گے،علامہ عقیل انجم کا خیریت دریافت کرنے والوں سے اظہارتشکر

پیر 27 جون 2016 22:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جون ۔2016ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی رہنماعلامہ سید عقیل انجم قادری نے قاتلانہ حملے کے بعد ان کی خیریت دریافت کرنے اور درازیء عمر کی دعاکرنے والے مذہبی ،سیاسی وسماجی رہنماؤں، علماء ومشائخ اور عوام سے اظہارتشکر کرتے ہوئے کہاہے کہ ناموس رسالت اور عقیدہء ختم نبوت کا دفاع کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہاکہ دنیامیں سب سے بدترین وہ لوگ ہیں جو نبی آخرالزماں حضرت محمدمصطفےٰ ﷺ کے دشمن اور مخالف ہیں۔پاکستان دنیاکی واحداسلامی نظریاتی مملکت ہے جس میں اسلام کے برعکس کسی بھی نظام اور کسی بھی قانون کی گنجائش نہیں ہے،پاکستان میں اگر چلے گاتو مصطفےٰ کریم ﷺ کا نظام چلے گا۔انہوں نے کہاکہ کراچی کی شناخت نبی ﷺ کے غلاموں کاشہر ہے جواسے جمعیت علماء پاکستان نے دی ہے اور اس شناخت کو بچانے میں اول روزسے جدوجہد میں مصروف ہے اور آئندہ بھی اس کی حفاظت کرتی رہے گی، ہم اس شہر کو دہشتگردوں ،چوروں ،لٹیروں اور قبضہ خوروں کے ہاتھوں میں ہرگزنہیں دیں گے۔

(جاری ہے)

ہماری جانیں اﷲ تعالیٰ کی امانت ہیں آج یہ یقین اور مضبوط ہوچکاہے کہ جب تک اﷲ نے زندگی دی ہے کوئی کسی کو نہیں مارسکتا۔علاوہ ازیں انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر سیاسی سماجی اور مذہبی شخصیات سے ملاقات کی اور خودپر قاتلانہ حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا، اس موقع پر محمدشکیل قاسمی، اسفند یارخان،علامہ خلیل احمدنورانی، عبدالعزیزمیٔو، رحیم بخش، سلیم حسین، احمدعبداﷲ، سید عمران حسین، محمدعاطف نورانی،سید حسنین انجم ودیگر بھی موجود تھے۔