برطانوی ریفرنڈم کے باوجود جی ایس پی پلس کے تحت پاکستان کی برطانیہ کو برآمدا ت متاثر نہیں ہوں گی ٗوزیر تجارت خرم دستگیر

پاکستانی ایکسپورٹرز برطانیہ کو بلا تامل برآمدات جاری رکھیں کیونکہ برطانیہ کے جی ایس پی پلس کے ختم ہونے کا فوری خدشہ درپیش نہیں ٗبیان

پیر 27 جون 2016 22:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جون ۔2016ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ برطانوی ریفرنڈم کے باوجود جی ایس پی پلس کے تحت پاکستان کی برطانیہ کو برآمدا ت متاثر نہیں ہوں گی، پاکستانی ایکسپورٹرز برطانیہ کو بلا تامل برآمدات جاری رکھیں کیونکہ برطانیہ کے جی ایس پی پلس کے ختم ہونے کا فوری خدشہ درپیش نہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے باہر نکلنے پر یورپی یونین کے لزبن ٹریٹی کا آرٹیکل 50لاگو ہوتا ہے جس کے تحت یونین سے باہر نکلنے والا ملک پہلے اس حوالے سے ایک نوٹیفیکیشن جاری کرتا ہے ، برطانیہ کے تنا ظر میں ایسا کوئی نوٹیفیکیشن فی الوقت جاری نہیں کیا گیا، آرٹیکل 50کے مطابق نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے دو سال بعد تک یورپی یونین کے معاہدے اور اقرار نامے اس ملک پر لاگو ہوتے ہیں لہٰذا پاکستان کیلئے برطانیہ کے جی ایس پی پلس کے فوری ختم ہونے کا کوئی خطرہ نہیں۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت تجارت ،وزارت خارجہ اور لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن سے مسلسل رابطے میں ہے تاکہ انگلینڈ کے ریفرنڈم کے بعد کی صورتحال سے متعلق فوری آگاہی ملتی رہے، وزارت تجار ت نے انگلینڈ میں موجود کمرشل کونسلرز کو بھی متعلقہ حکام سے رابطے کی ہدایت کردی ہے، وزارت تجارت بھی برطانوی وزارت تجارت سے سیاسی اور پالیسی صورتحال سے متعلق وضاحت کیلئے رابطہ کرے گی ۔مزید برآں وزارت تجارت میں آئندہ ہفتے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں انگلینڈ میں حالیہ ریفرنڈم کے بعد کی صورتحال سے متعلق پاکستان کا تجارتی لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :