حضر ت علی کرم اﷲ وجہہ نے عدل کی بالادستی اور اعلی انسانی اقدار کے تحفظ کو بنیادی اہمیت دی، دین اسلام کی سربلندی،عدل ومساوات کا قیام اور انسانی اقدار کا تحفظ آپ کی زندگی کا نصب العین تھا، حکمران حضرت علی رضی اﷲ عنہ کے فلسفے پر چلتے ہوئے فیصلے کریں اور ایثار وقربانی کے جذبے کو اختیار کریں

سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری کا یوم شہادت علی ؓ پر بیان

پیر 27 جون 2016 22:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جون ۔2016ء ) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ امیر المومنین حضر ت علی کرم اﷲ وجہہ نے عدل کی بالادستی اور اعلی انسانی اقدار کے تحفظ کو بنیادی اہمیت دی، دین اسلام کی سربلندی،عدل ومساوات کا قیام اور انسانی اقدار کا تحفظ آپ کی زندگی کا نصب العین تھا،حضرت علی رضی اﷲ عنہ نے خلافت کے منصب پر فائز ہوکر ثابت کردیا کہ کسی بھی قسم کا نظام حکومت اس وقت تک کامیاب نہیں ہوسکتا جب تک اس کی بنیادوں میں جذبہ ایثار وقربانی اور عدالت قائم نہ ہو، ورنہ امن وامان منقود ہوگا فتنہ وفساد کا بازار گرم ہوگا،حکمران حضرت علی رضی اﷲ عنہ کے فلسفے پر چلتے ہوئے فیصلے کریں اور ایثار وقربانی کے جذبے کو اختیار کریں تو ملک سے دہشتگردی ،ٹارگٹ کلنگ کے خاتمے کے ساتھ ملک مستحکم ہونے کی طرف گامزن ہوگا ،ملک میں بد امنی کی اہم وجہ حکمرانوں کے قول وفعل میں تضاد اور ایثار وقربانی کا جذبہ دیکھنے میں نہیں آتا ،حضرت علی کا دور خلافت مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت علی رضی اﷲ عنہ کے یوم شہادت کے موقع پر مرکز اہلسنت سے جاری بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دربار رسالت ﷺ سے حضرت علی کو ـــباب العلم کا خطاب عطا ہوا۔ سرکار دوعالم ﷺ نے آپ کو بہتر فیصلے کرنے والا قرار دیا ۔ حضرت علی رضی اﷲ عنہ کی زندگی مسلمانوں کے لئے مشعل راہ ہے آپ اﷲ عزوجل اور اسکے حبیب حضرت محمد مصطفی ﷺ کی خوشنودی کیلئے جئے اور اسی راہ میں اپنی جان قربان کردی،انہوں نے کہا کہ مذہب کے نام پر نفرت اور نجی جہادکی تربیت دینے والے مدرسے کی امداد دہشتگردوں کو آکسیجن دینے کے مترادف ہے ،لاکھوں مسلمانوں کے قتل میں ملوث طالبان کی دہشتگردی کے خلاف مذمت نہ کرنیوالے مدرسے کو امداد کے نام پر فنڈ وفاقی حکومت اور حساس ادارے نوٹس لیں ،کے پی کے کی حکومت کا اقدام دہشتگردوں کو تقویت دینے اور ضرب عضب کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے ۔

متعلقہ عنوان :