عوام کا بس چلے توحکمرانوں کو گلیوں میں گھسیٹیں، کاہنہ میں لوگوں کا وزیر اعلیٰ کی گاڑی روک کر احتجاج ٹریلر ہے، فلم ابھی باقی ہے، وزیراعظم صادق اور امین نہیں، پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا، غلط گوشوارے داخل کرائے، اخلاقی طور پر اقتدار چھوڑ دینا چاہیے، اپوزیشن لیڈر محمود الر شیدپنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت

پیر 27 جون 2016 22:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جون ۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید نے کہا کہ وزیراعظم صادق اور امین نہیں‘اپنے اثاثہ جات سے متعلق پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا اور الیکشن کمیشن میں بھی اپنے اصل اثاثے ظاہر نہیں کئے‘ملک کی دو بڑی جماعتوں نے وزیراعظم کیخلاف ریفرنس دائر کیا لیکن حکمران ٹھس سے مس نہیں ہو رہے اخلاقی طور پر وزیر اعظم کو اقتدار چھوڑ دینا چاہیے۔

پنجاب اسمبلی میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کو نا اہل مشیروں کی باتوں میں آنے کی بجائے خود کو احتساب کیلئے پیش کر دینا چاہیے اسی میں انکی اور ملک کی بھلائی ہے کیونکہ ملک کسی مزید اپ سیٹ کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ایک سوال پر میاں محمود الر شید نے کہا کہ وزیراعلی کی کاہنہ آمد کے موقع پر شہریوں کا احتجاج ٹریلر ہے ابھی فلم باقی ہے، انہوں نے کہا کہ احتجاج اس بات کا عکاس ہے کہ عوام ن لیگ اور ان ڈرامہ باز حکمرانوں سے کس قدر تنگ ہیں، عوام کا بس نہیں چل رہا حکمرانوں کو گلیوں میں گھسیٹیں اور ان سے پوچھیں ہمارے ٹیکس کے پیسوں کے کیسے ضیا ع کیا جار ہا ہے وزیراعلیٰ ہیلی کاپٹر میں دورہ فرماتے ہیں اور پھر پریس ریلیز جاری کرواتے ہیں شہباز شریف کا اچانک دورہ مسافر بس میں بیٹھ کر سفر کیا لوگوں میں گھل مل گئے عوام ان ہی ڈرامہ باز یوں کی وجہ سے ان حکمرانوں سے تنگ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور میں جا بجا بے ہنگم ٹریفک کی وجہ سے شہری اذیت کا شکار ہیں ، نااہل حکمرانوں نے لاہور کی مصروف شاہراہوں کے ساتھ گلی محلوں کو بھی ادھیڑ کر رکھ دیا ہے، ابلتے گٹر و ں کی وجہ سے نمازی بھی پریشان ہیں تعفن کی وجہ سے متعدی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ میاں محمود الر شید نے کہا کہ آج سے مون سون کا آغاز ہو گیا ہے لیکن نااہل حکمرانوں نے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی ، صوبے کو سیلابی صورتحال کا سامنا ہے لیکن ابھی تک کوئی حفاظتی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔