وزیراعظم کی10جولائی کو وطن واپسی ، شاندار استقبال کیلئے بڑے پیمانے پر تیاریاں شروع

مسلم لیگ (ن) کے ارکان پارلیمنٹ وصوبائی اسمبلی سمیت کئی پارٹی رہنماؤں کو استقبال تاریخی بنانے کا ٹاسک سونپ دیاگیا

پیر 27 جون 2016 22:15

وزیراعظم کی10جولائی کو وطن واپسی ، شاندار استقبال کیلئے بڑے پیمانے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 جون ۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف کی10جولائی کو وطن واپسی کے موقع پر ان کے شاندار استقبال کی بڑے پیمانے پر تیاریاں شروع کر دی گئیں، مسلم لیگ (ن) کے ارکان پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں سمیت کئی پارٹی رہنماؤں کو وزیراعظم کے استقبال کو تاریخی بنانے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے،لاہور ایئرپورٹ پروزیراعظم نواز شریف کا استقبال ملک کا تاریخی استقبال ہو گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف 10جولائی کو برطانیہ سے علاج مکمل ہونے کے بعد وطن واپس پہنچیں گے اور لاہور ایئرپورٹ پر ان کا تاریخی استقبال کیا جائے گا، اس مقصد کیلئے مسلم لیگ (ن) کی طرف سے پارٹی قائدین، ارکان پارلیمنٹ اورارکان صوبائی اسمبلیوں کو ہزاروں کی تعداد میں کارکنان کو لاہور ایئرپورٹ لانے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے، وزیراعظم نواز شریف کے استقبال کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں، وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے وزیراعظم نوازشریف کے استقبال کے موقع پر لاکھوں کارکنوں کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے پارٹی قائدین سے رابطے شروع کر رکھے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی یہ کوشش ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کاملکی تاریخ کا اہم ترین استقبال ہونا چاہیے۔استقبالیہ کمیٹیوں کو مختلف اہداف دیئے گئے ہیں تا کہ پر امن ماحول میں اپنے قائد کا استقبال کیا جا سکے۔