راولپنڈی ضلعی انتظامیہ کی گراں فروشوں کیخلاف کارروائیاں،263افراد کیخلاف مقدمات درج

پیر 27 جون 2016 22:05

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جون ۔2016ء) رمضان المبارک کے دوران مصنوعی مہنگائی ، ذخیرہ اندوزی اور ناجائزمنافع خوری کے سد باب کیلئے اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس پر مبنی ٹیموں نے چھاپے مار کر ضلع راولپنڈی کی تمام تحصیلوں میں کل263 افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے جبکہ مجموعی طور پر 21 ۔ لاکھ 46 ہزار2 سو روپے جرمانہ عائد کیاگیا۔

رمضان کے آخری عشرے اور عید کے موقع پر گرانفروشوں کے خلاف چیکنگ مہم اور قانون کے مطابق یومیہ بنیادوں پر کاروائی جاری رہے گی اور مصنوعی گرانی اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف کوئی رو رعایت نہیں برتی جائے گی ۔ یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راولپنڈی نازیہ پروین سدھن نے گرانفروشوں کے خلاف جاری مہم کے حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

اے ڈی سی جی نے کہاکہ کمشنر راولپنڈی عظمت محمود کی طرف سے جاری ہدایات کے تحت ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل کی زیر نگرانی ضلع بھر میں رمضان بازاروں کے علاوہ عام مارکیٹ اور بازاروں میں اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں، معیار، نرخناموں، اوزان اور پیمانوں کی چیکنگ کے حوالے سے خصوصی پرائس کنٹرول ٹیمیں ضلع بھر کی تمام تحصیلوں میں چیکنگ کررہی ہیں اور مصنوعی مہنگائی اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت موثر کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔

نازیہ پروین سدھن نے کہاکہ اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی سربراہی میں ٹیموں نے راولپنڈی سٹی میں چیکنگ کرکے خلاف ورزی کے مرتکب 64 دوکانداروں کے خلاف ایف آئی آرز درج کروائیں جبکہ دو عشروں کے دوران7 لاکھ96 ہزارپانچ سو روپے کا مجموعی جرمانہ عائد کیا جبکہ صدر سب ڈویژن میں 84 ایف آئی آرز کا اندراج ہوا اور 3 لاکھ 62 ہزار روپے کا جرمانہ کیاگیا ۔

کینٹ ایریا میں گرانفروشوں کے خلاف کاروائی کے دوران 65 ایف آئی آرز درج ہوئیں جبکہ 2 لاکھ 82 ہزار کا مجموعی جرمانہ عائد کیاگیا۔اسی طرح تحصیل کلر سیداں میں دو ایف آئی آرز درج کروائی گئیں اور گرانفروشی میں ملوت دوکانداروں پر مجموعی طور پر 85 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیاگیا جبکہ تحصیل کہوٹہ میں مجموعی طور پر 54 ہزار 5 سو روپے جرمانہ ، تحصیل ٹیکسلا میں 11 مقدمات اور 3 لاکھ 59 ہزار5 سو روپے جرمانہ ، تحصیل گوجر خان میں 37 ایف آئی آرز کا اندراج اور دو لاکھ 19 ہزار 5 سو روپے جرمانہ جبکہ تحصیل مری اور تحصیل کوٹلی ستیاں میں بالترتیب18 ہزار 7 سو روپے اور 23 ہزار روپے کے مجموعی جرمانے عائد کئے گئے ہیں ۔

اے ڈی سی جی راولپنڈی نے کہاکہ رمضان المبارک کے پہلے دو عشروں کی طرح تیسرے عشرے میں بھی عیدالفطر تک گرانفروشوں اور ناجائزمنافع خوروں کے خلاف چھاپے مار کر کاروائی جاری رہے گی اور کسی کو بھی عید کی آمد کی آڑ میں شہریوں کو لوٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ بازاروں میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں، معیار ، نرخناموں ، اوزان اور پیمانوں کی چیکنگ کے ساتھ ساتھ رمضان بازاروں، مارکینوں اور پلازوں میں صفائی اور سیکورٹی کے حوالے سے بھی چیکنگ کی جائے گی ۔