وکلاء برادری اپنے فرائض اسلامی اصولوں کے مطابق سرانجام دیں ،موثر انصاف کی فراہمی صرف اسلامی نظام انصاف سے ہی ممکن ہے

معروف مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل کا ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب

پیر 27 جون 2016 21:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جون ۔2016ء) معروف مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل نے وکلاء برادری پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے فرائض اسلامی اصولوں کے مطابق سرانجام دیں ،موثر انصاف کی فراہمی صرف اسلامی نظام انصاف سے ہی ممکن ہے ۔ وہ پیر کو ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلاء سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ سیشن ججز سمیت دیگر ججز نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

مولانا طارق جمیل نے کہا کہ ہمیں یہ بات یاد رکھنی چاہیئے کہ بطور مسلمان قیامت کے دن ہم خدا کے سامنے جواب دہ ہوں گے اس روز ہمارے تمام کاموں کا اصلی اور حقیقی احتساب ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ دنیاوی زندگی عارضی ہے ہمیں نہ ختم ہونے والی زندگی کے لئے بھی کچھ محنت کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلامی اصولوں اور قرآن کریم کے بتائے ہوئے راستوں کے بغیر حقیقی انصاف ناممکن ہے ۔مولانا طارق جمیل نے کہا کہ ہمیں بلاوجہ پیسوں کے پیچھے بھاگنے کی بجائے قیامت کے روز ہونے والے حساب کی تیاری کرنی چاہیئے ۔ تقریب سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید محمد طیب ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر وکلاء سمیت ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :