صوبائی سیکرٹری بلدیات کیپٹن(ر) نسیم نوازکا اٹک‘ حضرو اور پنڈی گھیب کا دورہ ، سیلاب سے بچاؤ کے انتظامات کا جائزہ لیا

پیر 27 جون 2016 21:38

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جون ۔2016ء) وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی ہدایت پر صوبائی سیکرٹری بلدیات کیپٹن(ر) نسیم نواز نے اٹک‘ حضرو اور پنڈی گھیب کا دورہ کیا اور سیلاب سے بچاؤ کے انتظامات کا جائزہ لیا-انہوں نے محکمہ بلدیات کی مشینری کا بھی معائنہ کیا او ر موقع پر ہدایات جاری کیں-دورے کے دوران متعلقہ افسران و اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری نے کہاکہ بارش اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لئے محکمہ بلدیات کے افسران و اہلکاروں کی تربیتی ورکشاپس کا کام مکمل ہو چکا ہے اور ضروری آلات اور مشینری کی فراہمی کا کام جاری ہے جو چند دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا- انہوں نے کہا کہ بارش اورسیلاب کی تباہ کاریوں کا مقابلہ کرنے کے لئے تمام محکمے سرگرم عمل ہیں-انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پری مون سون اورسیلاب کے خطرہ سے نمٹنے کے لئے مکمل طو رپر تیاری کی جائے اور حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے-انہوں نے کہا کہ عوام کے جان ومال کی حفاظت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام ممکنہ وسائل مہیا کئے جا رہے ہیں-انہوں نے کہاکہ بارشوں اور سیلاب سے پیداہونے والی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لئے محکمہ بلدیات کو الرٹ کر دیاگیا تا کہ کسی نا گہانی صورت میں لوگوں کی مددکو یقینی بنایا جاسکے-صوبائی سیکرٹری بلدیات اپنے دورے کے اگلے مرحلے میں کل ضلع فیصل آباد کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں گے اور محکمہ کی طرف سے کی جانے والی تیاریوں کا جائزہ لیں گے-

متعلقہ عنوان :