ملاوٹ شدہ، غیر معیاری اشیاء خوردونوش کے خلاف جاری مہم کے دوران 23 فوڈ آؤٹ لیٹس کے خلاف چالان عدالت میں پیش، 79 کو نوٹس جاری

پیر 27 جون 2016 21:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جون ۔2016ء) ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے ملاوٹ شدہ، غیر معیاری اشیاء خوردونوش کے خلاف جاری مہم کے دوران 23 فوڈ آؤٹ لیٹس کے خلاف چالان عدالت میں پیش اور 79 کو نوٹس جاری کئے ہیں۔ پیر کو اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق فوڈ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹس کی ٹیموں نے فوڈ آؤٹ لیٹس کی 233 چیکنگ کے دوارن حفظان صحت کے قوانین کی خلاف ورزی پر 23 فوڈ آؤٹ لیٹس کے خلاف چالان عدالت میں پیش کر دیئے ہیں اور 79 کو نوٹس جاری کئے ہیں۔

دوران چیکنگ 40کلو گرام گلے سڑے پھل ضائع کئے گئے اور مضرصحت کھانے پینے والی اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی گئی ہے۔ ٹیموں نے فوڈ آوٹ لیٹس کی چیکنگ کے دوران 80 کھانے پینے کی اشیاء کے نمونہ جات لیبارٹری بھجوائے۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ نے تمام فوڈ آوٹ لیٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہائی جین سینی ٹیشن رولز اور فوڈ سیفٹی قوانین کی پابندی کریں ورنہ سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دریں اثناء 22 پرائس چیکنگ ٹیموں نے ماہ رمضان المبارک میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کی چیکنگ کے دوران گراں فروشوں کو اشیاء مہنگی فروخت کرنے اور ناقص کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے پر 35 ہزار گراں فروشوں کو 66 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے اور دکانداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سبزی فروٹ سمیت تمام اشیاء کی ریٹ لسٹ آویزاں کریں اور اشیاء کی کوالٹی یقینی بنائیں ورنہ سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :