بیرون ممالک پاکستانیوں کے اثاثوں اور نقد رقوم پر تین فیصد ٹیکس کی ادائیگی پرمعافی اسکیم کا اعلان کیا جائے۔خالد تواب

پیر 27 جون 2016 20:18

کراچی ۔ 27 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 جون ۔2016ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس ایند انڈسٹری کے قائم مقام صدر خالد تواب نے غیر ملکی اثاثوں اور نقد رقوم کے لیے ایمنیسٹی اسکیم کا مطالبہ کردیا ہے۔ انھوں نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے استدعا کی ہے کہ بیرونی ممالک میں پڑے پاکستانیوں کے اثاثوں اور نقد رقوم پر تین فیصد ٹیکس کی ادائیگی پر یک وقت معافی اسکیم کا اعلان کیا جائے۔

ایف پی سی سی آئی کے قائم مقام صدر کا کہنا ہے کہ ایمنیسٹی اسکیم کے اعلان سے بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو بینکنگ چینل کے ذریعے اپنے اثاثے اور نقد رقوم واپس اپنے وطن لانے میں حوصلہ ملے گا اور وہ ملک کی معاشی سرگرمیوں کے مرکز ی دھارے میں اپنا کردار ادا کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

خالد تواب نے وزیر خزانہ سے استعاکی ہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے پاکستان میں امن وامان کی خراب صورتحال، ٹارگٹ کلنگ،بوری بند لاشیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ ،سیاسی عدم استحکام اور معاشی پالیسیوں کی غیر یقینی صورتحال کے باعث یہ پاکستانی اپنے اثاثے اور دولت بیرون ممالک منتقل کرنے پر مجبور ہوئے تھے۔

تاہم ن لیگی حکومت کی بہتر پالیسیوں ، ضرب عضب آپریشن کی کامیابیوں کی وجہ سے پاکستان میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے بالخصوص کراچی اور خیبر پختونخواہ میں میں امن وامان کی صورتحال میں مثبت تبدیلی آئی ہے جس سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی فضا بہتر ہوئی ہے اور مقامی اور غیر ملکی کمپنیاں بھی اب پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں۔

اس وقت ایمنیسٹی اسکیم سے پاکستان کی معیشت بہت تیزی سے ابھر ے گی اور اس سے ملازمتوں کو مواقع پیدا ہوں گے جس سے غربت کم ہوگی۔ ایمنیسٹی اسکیم سے اربوں روپے کی ترسیلات زر میں اضافے کے ساتھ ساتھ بیرونی ممالک میں پڑے پاکستانیوں کے اثاثے اور دولت ظاہر کرنے سے تین فیصد ٹیکس کی مد میں ملنے والی بڑی رقم سے پاکستانی معیشت مزید مضبوط ہوگی۔خالد تواب نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ ایمنیسٹی اسکیم پاکستان کو آئی ایم ایف کے چنگل سے آزاد کرنے کی نوید ہوگی۔