محکمہ موسمیات کے پاس60سال پرانے آلات‘22ریڈارزکی ضرورت ہے جبکہ صرف7موجود ہیں:ڈائریکٹرجنرل محکمہ موسمیات

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 27 جون 2016 19:36

محکمہ موسمیات کے پاس60سال پرانے آلات‘22ریڈارزکی ضرورت ہے جبکہ صرف7موجود ..

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔27جون۔2016ء)پاکستان میں محکمہ موسمیات کے پاس موجود آلات اپنی تکنیکی عمر سے بھی 50سال اوپرہوچکے ہیں-سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی موسمیات ڈاکٹر غلام رسول نے بتایا کہ پاکستان میں اس وقت صرف سات ریڈارز ہیں جبکہ 22ریڈارز کی ضرورت ہے۔ ایک ریڈار کی اوسط عمر دس سال ہوتی ہے مگر پاکستان میں لگے زیادہ تر ریڈار20 سے30 سال پرانے ہیں۔

طوفان کی پیشگی اطلاع دینے والا نظام بھی60 سال پرانا ہے۔ نئے ریڈار لگنے سے طوفان کی ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ پیشگی اطلاع دی جا سکے گی۔ انھوں نے بتایا کہ مون سون کی حالیہ پیش گوئیوں میں صوبوں کو علیحدہ سے وارننگ دے دی تھی کہ کہاں سیلاب اور طغیانی آئے گی۔

(جاری ہے)

آئندہ دو دن بلوچستان میں شدید بارش ہونے والی ہے جس سے چیف سیکریٹری بلوچستان کو آگاہ بھی کر دیا گیا ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے احمد کمال نے کمیٹی کو بتایا کہ دریاﺅں میں پانی کے بہاو سے متعلق 44 ٹیلی میٹک سسٹم لگے ہوئے ہیں جن میں سے 18 مکمل طور پر بند ہیں جبکہ باقی انتہائی خستہ حالت میں ہیں۔ وزارت پانی و بجلی یہ ٹیلی میٹک سسٹم تبدیل کرے یا پھر مرمت کرائے۔ کمیٹی ممبر کلثوم پروین نے محکمہ موسمیات اور رویت ہلال کو محکمہ موسمیات کے ماتحت کرنے کی تجویز دی۔ اس پر مشاہد حسین سید نے ریمارکس دیئے کہ رویت ہلال کو وزارت موسمیاتی تبدیلی میں شامل کرنا خطرناک ہو گا۔