بلاول بھٹو زرداری نے یکم جولائی کو اعلیٰ سطحی قیادت کا اجلاس اسلام آباد میں طلب کرلیا

حکومت مخالف تحریک اور تحریک انصاف کی طرف سے جامعہ حقانیہ کو دیئے جانے والے فنڈز پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے مشاورت کی جائے گی

پیر 27 جون 2016 18:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جون ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یکم جولائی کو اعلیٰ سطحی قیادت کا اجلاس اسلام آباد میں طلب کرلیا،اجلاس میں حکومت مخالف تحریک اور تحریک انصاف کی طرف سے جامعہ حقانیہ کو دیئے جانے والے فنڈز پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے مشاورت کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق یکم جولائی کو پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ سطحی قیادت کا اجلاس اسلام آباد میں ہوگا ۔

اجلاس کی صدارت بلاول بھٹو زرداری کریں گے، جس میں پارٹی کی پارلیمانی و سیاسی کمیٹیوں کے سینئر عہدیداران کے علاوہ مرکزی رہنما شرکت کریں گے، اعلیٰ سطحی اجلاس میں عید کے بعد حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے مشاورت ہوگی اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے مدرسہ جامعہ حقانیہ کو 30 کروڑ روپے کے فنڈز دیئے ،جسکے حوالے سے تحفظات کا بھی اظہار کیا جائے گا۔