اہل سنت سے زیادہ علی المرتضیٰ سے محبت کا دعویدار کوئی مسلک نہیں‘ پیر معصوم نقوی

امیر المومنین کی اطاعت رسول،اپنی حکومت کے دوران عدل الٰہی پر سخت کاربند رہنے نے انہیں ممتاز مقام عطا کیا

پیر 27 جون 2016 18:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 جون ۔2016ء )جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہل سنت پیر سید محمدمعصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ خلیفہ چہارم امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کی اطاعت رسول اور اپنی حکومت کے دوران عدل الٰہی کے سختی سے نفاذ نے انہیں ممتاز مقام عطا کیا ہے کہ ان کی شان اقدس میں پیغمبر اکرم کی احادیث مبارکہ ہی ان کی عظمت کی بہترین دلیل ہیں، مسلمانوں کو دنیا میں باعزت مقام حاصل کرنے اور اتحاد اسلامی کے لئے شیر خدا جیسی شجاعت و بہادری اور مصالحانہ کردار کی ضرورت ہے۔

محفل تذکرہ علی المرتضیٰ سے خطاب کرتے ہوئے پیر معصوم نقوی نے کہا کہ علی محراب میں بہترین عبادت گذار ، متقی اور میدان جنگ میں شجاعت و تحمل کے جوہر دکھانے والے صحابی رسول تھے، جن سے ولایت چلی اور آج پوری دنیا میں ان کی اولاد سادات کی شکل میں موجود ہے۔

(جاری ہے)

اور تبلیغ دین کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی علیہ السلام نے تمام خلفا کی مدد اور رہنمائی کی، ان کے ساتھ شریک رہے، خلفا ان سے مشاورت کرتے تھے۔

ہمیں ان کے درمیان تفریق نہیں کرنی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ حضرت علی کی ولایت کو مانے بغیر ہم اہل سنت نہیں کہلا سکتے۔ ہمیں فرقہ وارانہ سوچ سے بالاتر ہوکر سوچنا چاہیے۔ علی کی شان کوئی کم کرسکتا ہے اور نہ ہی اسے اس سے زیادہ بڑھانے کی ضرورت ہے جو پیغمبر نے اپنی احادیث مبارکہ میں بیان فرمائی ہے۔ ایک روایت کا حوالہ دیتے ہوئے پیر معصوم نے کہا کہ علی المرتضی فرماتے تھے کہ میں پیغمبر سے ایسے محبت کرتا ہوں جیسے اونٹنی کا بچہ اس کے گرد چکر لگاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اہل سنت سے زیادہ علی المرتضیٰ سے محبت کا دعویدار کوئی مسلک نہیں ہوسکتا اور ہم کسی کی محبت پر شک نہیں کرتے مگر اپنی محبت کو چھپاتے بھی نہیں۔ جو اہل بیت سے محبت سے انکاری ہے ، اس کا ایمان مکمل نہیں ہوسکتا۔ اور نامکمل ایمان والے اہل سنت نہیں ہوسکتے۔ یہی اکابرین اہل سنت کی تعلیمات اور ہدایات ہیں۔