سبزی و فروٹ منڈی کی موثر نگرانی اور دیکھ بھال سے حقیقی معنوں میں قیمتوں کو کنٹرول کیا جا رہا ہے،قائم مقام ڈی سی او جھنگ

پیر 27 جون 2016 18:20

جھنگ۔27 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 جون ۔2016ء )قائم مقام ڈی سی او جھنگ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینہ میں صارفین کو مہنگائی اور ناجائز منافع خوری سے محفوظ رکھنے کیلئے روزمرہ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے ۔ اس حوالہ سے لوگوں کوملاوٹ سے پاک اشیاء خوردونوش مقررہ قیمتوں پر فروخت کرنے،ریٹ لسٹیں دکانوں میں نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے اور ناپ تول کے پیمانہ کو درست رکھنے کے کام کو یقینی بنانے کیلئے قائم مقام ڈی سی او شوکت علی کھچی ڈی پی اوہمایوں مسعود سندھو اور اے ڈی سی محمد اویس ملک کے ہمراہ روزانہ کی بنیاد پر شہر کی مرکزی سبزی و پھل منڈی،رمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹوں کی سخت مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں گزشتہ روز قائم مقام ڈی سی او شوکت علی کھچی نے ڈی پی او ہمایوں مسعود سندھو کے ہمراہ شہر کی سبزی و پھل منڈی کے دورہ کے دوران سبزیوں اور پھلوں کے دستیاب سٹاک کی کوالٹی کو چیک کیا اور بولی کے مراحل کا بغور جائزہ لیا۔قائم مقام ڈی سی او نے اس موقع پر کہا کہ سبزی اور فروٹ منڈی کی موثر نگرانی اور دیکھ بھال کی وجہ سے حقیقی معنوں میں قیمتوں کو کنٹرول کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اور دیگر متعلقہ عملہ کو منڈی کی بیرونی اطراف پھڑیے اور ریڑھی بانوں کو سبزی اور فروٹ کی ریٹ لسٹ بروقت مہیا کرنے اور ٹی ایم اے کے عملہ کو تنبیہ کی کہ وہ صفائی و ستھرائی کے نظام کو مزید بہتراور موثر بنانے کے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر ڈی پی اوہمایوں مسعود سندھو نے ٹریفک پولیس کے عملہ کو میسر ڈیوٹی کے ذریعے ٹریفک کی روانی کویقینی بنانے کا پابند کیا ۔