موٹروے پولیس این فائیو نارتھ زون کے زیرِ اہتمام سپیشل پٹرولنگ اور افطاری کا اہتمام

پیر 27 جون 2016 18:18

اسلام آباد ۔ 27 جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 جون ۔2016ء) موٹروے پولیس این فائیو نارتھ زون کے زیرِ اہتمام سپیشل پٹرولنگ اور افطاری کا اہتمام کیا گیا جس میں ٹرانسپورٹرز کو قوانین سے آگاہی بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ عید سے قبل سپیشل پٹرولنگ کا مقصد روڈ یوزرز میں اس احساس کو پیدا کرنا ہے کہ وہ دوران سفر محفوظ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق موٹروے پولیس این فائیو نارتھ کے زیر اہتمام لوگوں میں روڈ سیفٹی کا شعور اجاگر کرنے کیلئے ایک سپیشل پٹرولنگ کا اہتمام کیا گیا۔

جس میں موٹروے پولیس این فائیو نارتھ زون کے ڈی آئی جی اشرف زبیر صدیقی، ایس ایس پیز احمد مختار خان، نعیم حیات ٹوانہ، فرخ رشید اور تمام ڈی ایس پیز، ایڈمن آفیسرز، آپریشن افیسرز اور پٹرولنگ آفیسرز نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سپیشل پٹرولنگ موبائیلز اور سپیشل بریفنگ پوائنٹس بھی بنائے گئے۔ پٹرولنگ کے آخر میں روڈ یوزرز کے درمیان موٹروے پولیس کی جانب سے افطاری بھی تقسیم کی گئی۔

اس موقع پر ڈی آئی جی اشرف زبیر صدیقی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ا نسپکٹر جنرل موٹروے پولیس شوکت حیات کی خصوصی ہدایت پر نارتھ زون جو کہ پشاور تا لاہور جی ٹی روڈ اور مری ایکسپریس وے پر محیط ہے پر مسافروں اور ڈرائیور حضرات کیلئے افطار کا اہتمام کے ساتھ ساتھ ڈرائیورحضرات کو ٹریفک قوانین کے حوالے سے بریفنگ کا اہتمام بھی کیا گیا۔

ڈی آئی جی نے بتایا کہ نارتھ زون کے تمام ٹال پلازوں پر خصوصی اسٹال لگائے گئے اور خصوصی بریفنگ افسران کو تعینات کیا گیا تاکہ تمام روڈ یوزرز تک افطاری کے سامان کے ساتھ ساتھ روڈ سیفٹی کی اہمیت کے بارے میں مطلع کیا جا سکے۔ ڈی آئی جی نے مزید کہا کہ اسطرح کے اقدامات کا مقصد پولیس اور عوام کے درمیان فاصلوں کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ انکے اندرتحفظ کا احساس پیدا کرنا ہے ۔ اس موقع پر روڈ سیفٹی کے حوالے سے بریفنگ اور آگاہی مہم کے متعلق پبفلٹ بھی تقسیم کئے گئے۔ ڈرائیورز اور روڈ یوزر ز نے موٹروے پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے موٹروے پولیس کو فرینڈلی پولیس قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :